آسٹریلیا کی ناقص فیلڈنگ کے درمیان کوہلی اور راہول کی سنچریاں

ہندوستان 342/5‘ مہمان ٹیم ہنوز 230 رنز پیچھے
ڈھائی سال بعدواپسی پر رائنا ’ڈگ آؤٹ‘ ‘ اسمتھ نے 2کیچس چھوڑے

سڈنی۔8جنوری( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی فیلڈروں کی جانب سے جو مناظر بہت ہی کم دکھائی دیتے ہیں وہ مناظر سڈنی ٹسٹ کے تیسرے دن کھیل کے دوران دکھائی دیئے جہاں کپتان اسٹیو اسمتھ کے ہمراہ میزبان فیلڈروں نے ان فام بیٹسمین ویراٹ کوہلی اور پہلی ٹسٹ سنچری اسکورکرنے والے نوجوان کھلاڑی لوکیش راہول کے کیچس چھوڑنے کے علاوہ آسان رن آؤٹ کرنے کا موقع گنوایا ۔ دریں اثناء دن کے اختتام پر ویراٹ کوہلی سیریز کی ریکارڈ چوتھی سنچری اسکور کرنے کے بعد ناٹ آؤٹ ہیں اور مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ کوہلی نے خود کو ملنے والے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 214گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 20چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں غیر مفتوح 140رنز اسکور کرلئے ہیں

جبکہ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین وردھیمان ساہا ہیں ‘جنہوں نے 50گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 14رنز اسکور کرلئے ہیں ‘ نیز ساہا اور کوہلی کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے تاحال 50رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے ۔ تیسرے دن میزبان کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ کے درمیان کوہلی اور راہول کی سنچریاں نمایاں مظاہرہ رہے جیسا کہ ایک سے زائد مرتبہ مواقع ملنے کے بعد راہول نے اپنی کریئر کی پہلی سنچری اسکور کرلی ہے جیسا کہ گذشتہ مقابلے میں انہوں نے اپنی ٹسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا اور رواں ٹسٹ میںشکھر دھون کے مقام پر اننگز کا آغاز کیا ہے ۔ راہول نے 262گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 13چوکوں اور ایک چھکے کے ہمراہ 110رنز اسکور کئے ہیں اور کوہلی کے ہمراہ انہوں نے تیسری وکٹ کیلئے 141 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے ۔ اس اہم پارٹنرشپ کو فاسٹ بوسٹ بولر میچل اسٹارک نے اس وقت توڑا جب انہوں نے راہول کو اپنی ہی بولنگ پر خود ہی کیچ پکڑتے ہوئے آؤٹ کردیا ۔ قبل ازیں ہندوستان نے آج 71/1 سے اپنے کھیل کو آگے بڑھایا تھا ۔

کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین روہت شرما 133گیندوں میں 5چوکوں اور 2چھکوں پرمشتمل اپنی اننگز میں 53رنز اسکور کئے ۔ آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میںاجنکیا رہانے نے 31گیندںو میں 13رنز اسکور کئے جبکہ ڈھائی سال بعد ٹسٹ ٹیم میں واپسی کرنے والے سریش رائنا صرف ایک گیند کے مہمان ثابت ہوئے جیسا کہ وہ واٹسن کی وکٹوں سے باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش پر وکٹ کیپر براڈ ہاڈین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا کیلئے میچل اسٹارک نے 77رنز اور شین واٹسن نے 42رنز کے عوض فی کس 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسپنر نیتھن لیون نے 91رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی ۔لیون اس لئے بھی بدقسمت بولر ثابت ہوئے کیونکہ ان کی بولنگ پر مہمان بیٹسمینوں کے ایک سے زائد کیچس چھوڑے گئے ‘ حالانکہ انہوں نے میزبان ٹیم کے لئے وکٹوں کے کئی مواقع پیدا کئے تھے۔