ممبئی۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے اورکوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ کھلاڑی فی الحال گلابی گیند سے فلڈ لائٹس میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے کو تیار نہیں ہیں۔کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے ایک رکن نے کہا ہے کہ ہم نے گذشتہ ماہ روی شاستری سے اس معاملے پر بات کی تھی تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اس معاملے پر ٹیم سے بات کی ہے لیکن وہ فی الحال گلابی گیند کی کرکٹ کیلیے تیار نہیں ہیں، اس لیے ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یاد رہے کہ ابھی کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اپنے ہوم سیزن کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس میں ہندوستان کے خلاف ایڈیلیڈ ٹسٹ کے اوقات کا تعین نہیں کیا گیا، اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ وہ ہندوستان کیساتھ نائٹ ٹسٹ کے حوالے سے بدستور رابطے میں ہیں۔دوسری جانب ہندوستانی ٹیم سمجھتی ہے کہ آسٹریلیائی ٹیم میں اسمتھ اور وارنر کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کے پاس آسٹریلیا میں پہلی ٹسٹ سیریز کامیابی کا نادر موقع موجود ہے، ایسے میں وہ نائٹ کرکٹ کھیل کر اس موقع کو گنوانا نہیں چاہتے کیونکہ انھیں ابھی تک گلابی گیند کی کرکٹ کا کوئی تجربہ نہیں ہے جبکہ آسٹریلیائی ٹیم نائٹ ٹسٹ میچز کھیل چکی ہے۔