آسٹریلیا کو 326 رنز کی سبقت ‘ آج مقابلہ کا دلچسپ اختتام متوقع

ملبورن ۔ 29 ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر مقابلہ میں مجموعی طور پر 326 رنز کی سبقت حاصل کرتے ہوئے نہ صرف مستحکم موقف حاصل کرلیاہے بلکہ وہ کل ڈرامائی انداز میں مقابلہ کے ختم ہونے کی امید کے ساتھ گواسکر ۔ باڈر ٹرافی پر دوبارہ قبضہ بنانے کی خواہاں ہے ۔ آسٹریلیا نے آج دن کے اختتام پر سات وکٹوں کے نقصان کے بعد 261 رنز اسکور کر لئے ہیں جبکہ میدان پر شان مارش 131 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اننگز کے دوران 62 رنز بنا لئے ہیں جبکہ ان کے ساتھ رائن ہارس نے 27 گیندوں میں 8 رنز اسکور کر لئے ہیں اور ان کے درمیان 27 رنز کی پارٹنرشپ بھی بن چکی ہے ۔ قبل ازیں ہندوستان نے آج صبح اپنی پہلی ادھوری اننگز کو مکمل کرنے کیلئے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن اس کے مابقی وکٹیں جلد پویلین لوٹ گئی اور ساری ٹیم 465 رنز پر آل آوٹ ہوگئی ۔ ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور462/8 سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تھا لیکن دو وکٹوں نے صرف چار رنز کا اضافہ کیا ۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگزمیں 65 رنز کی ایک بہتر سبقت حاصل کی اور دوسری اننگز کا بھی بہتر آغاز کیا جیسا کہ آسٹریلیائی اوپنرس ڈیویڈ وارنر اور کریس راجرس نے پہلی وکٹ کے لئے 57 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ اس موقع پر وارنر 42 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے تیز رفتار 40 رنز اسکور کئے ۔ سیریز میں مسلسل نصف سنچریاں اسکور کرنے والے راجرس پھر ایک مرتبہ 69 رنز کی ایک اہم اننگز کھیلی لیکن وہ پھر ایک مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ۔ راجرس نے 123 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکے لگائے ۔ ٹاپ آرڈر میں شین واٹسن 34 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 17 اور سیریز میں کامیاب ترین مظاہرہ کر رہے نوجوان کپتان اسٹیو اسمتھ اس مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے جیسا کہ وہ 27 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے صرف 14 رنز اسکور کر پائے ۔ استمھ کی ناکامی کے بعد تمام ذمہ دار شان مارش پر عائد ہوئی تھی جنہوں نے ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچا دیا ہے ۔ نوجوان بیسٹمین جیو برنس دوسری اننگز میں صرف 9 رنز بنا پائے ہیں ۔ ہندوستان کے لئے اومیش یادو نے 73 ‘ ایشانت شرما نے 49 رنز اور روی چندرن اشون نے 57 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ علاوہ ازیں محمد سمیع نے 20 اوورس میں 75 رنز دے کر میچل جانسن کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 27 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 15 رنز اسکور کئے ۔ آسٹریلیائی وکٹ کیپر بیٹسمین براڈ ہاڈین جنہوں نے پہلی اننگز میں نصف سنچری بنائی تھی وہ دوسری اننگز میں صرف 13 رنز ہی بناپائے۔