آسٹریلیا کو پجارا، کوہلی کی طرح دوسری اننگز میں کھیلنا ہوگا : کمنس

ملبورن ، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پہلی اننگز میں معمولی 151 پر آل آؤٹ ہوجانے کے بعد پیسر پیاٹ کمنس نے آج کہا کہ آسٹریلیائی بیٹسمنوں کو انڈین کیپٹن ویراٹ کوہلی اور چتیشور پجارا سے کافی کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ اس ایم سی جی پچ پر اپنی اننگز کو کس طرح رفتار بخشی جائے۔ پجارا اور کوہلی نے فرسٹ اننگز میں 170 کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے انڈیا کو 443/7 کے بڑے اسکور پر اننگز ڈیکلیر کرنے کے قابل بنایا اور کمنس کا کہنا ہے کہ آسٹریلیائی بیٹسمنوں کو دورہ کنندہ جوڑی کے صبر و استقلال سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ کوہلی اور پجارا نے دباؤ جھیلا کیونکہ اس قسم کی وکٹ پر رنز بنانا مشکل ہے۔ کمنس انڈیا کی دوسری اننگز میں سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والے میزبان بولر رہے۔ انھوں نے کوہلی اور پجارا دونوں کو صفر پر آؤٹ کرتے ہوئے 5 میں سے 4 وکٹیں لئے ہیں۔