ہیملٹن۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر کی 16 ویں سنچری اور ٹرینٹ بولٹ کی خطرناک بولنگ کی بدولت میزبان نیوزی لینڈ نے تیسرا ونڈے 24 رنز سے اپنے نام کرتے ہوئے چیاپل ہیڈلی ٹرافی پر نہ صرف قبضہ کرلیا بلکہ مہمان آسٹریلیائی ٹیم کو 2-0 سے شکست برداشت کرنے پر مجبور کرنے کے علاوہ اس کے آئی سی سی ونڈے کے نمبر ون مقام کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، کیونکہ سری لنکا کے خلاف جنوبی آفریقی ٹیم سیریز میں کامیابی کے بعد اب مشترکہ طور پر نہ صرف پہلے مقام پر پہنچ چکی ہے بلکہ مہمان ٹیم کے خلاف مابقی دو مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تنہا نمبر ایک ٹیم بن سکتی ہے۔ ٹیلر نے 101 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 107 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 281/9 میں کلیدی رول ادا کیا۔ ان کے ہمراہ اوپنر ڈیل برونلی نے 63 اور لوور آرڈر میں میچل سینٹنر نے 34 گیندوں میں 3 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی ناقابل تسخیر اننگز میں 38 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے خلاف میچل اسٹارک 63 اور جیمس فالکنر نے 59 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 282 رنز کے نشانے کے تعاقب میں آسٹریلیائی ٹیم نے شروعات تو بہتر کی لیکن ساری ٹیم 47 اوورس میں 257 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کارگذار کپتان آرون فنچ (56) ، ٹریوس ہیڈ (53) کے علاوہ مارکس اسٹونس نے 42 رنز اسکور کئے ۔ بولٹ نے 10 اوورس میں 33 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ان کی اس تباہ کن بولنگ پر انہیں ’’مین آف دی میچ ‘‘قرار دیا گیا ۔