آسٹریلیا کو شکست، افریقہ نے دوسرا ٹسٹ جیت لیا

پورٹ ایلزبتھ ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے یہاں آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ دوسرے ٹسٹ کے چوتھے ہی دن مہمان ٹیم کو 231 رنز سے شکست دیکر دوسرے ٹسٹ میں کامیابی اور 3 مقابلوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا ہے۔ آسٹریلیا جوکہ مقابلہ اور سیریز میں کامیابی کیلئے 448 رنز کا تعاقب کررہی تھی، وہ دوسری اننگز میں بہترین شروعات کے باوجود 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی حالانکہ آسٹریلیائی اوپنرس کرس راجرس اور ڈیویڈ وارنر نے پہلی وکٹ کیلئے 126 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی تھی لیکن ماباقی 9 وکٹیں صرف 90 رنز کے اضافہ پر ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلیا کیلئے راجرس نے 107 رنز اور وارنر نے 66 رنز بنائے۔ مذکورہ کھلاڑیوں کے علاوہ دوسرا کوئی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کر پایا۔

اتفاق سے آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں تیسرا بڑا انفرادی اسکور افریقی بولروں کی جانب سے دیئے جانے والے 21 زائد رنز شامل ہیں۔ افریقہ کیلئے ڈیل اسٹین نے 55 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ورنان فیلنڈر نے 39 رنز کے عوض 2 وکٹ لئے۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے اے بی ڈی ولیرس اور جے پی ڈومنی کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 423 رنز بناتے ہوئے آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 246 رنز تک محدود رکھا تھا جبکہ دوسری اننگز میں ہاشم آملہ کے ناقابل تسخیر 127 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے 270/5 پر اپنی اننگز ڈکلیر کرتے ہوئے آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے ریکارڈ نشانہ دیا۔ جے پی ڈومینی جنہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے کے علاوہ دوسری اننگز میں خطرناک ثابت ہورہی اوپننگ جوڑی کو توڑنے میں کامیاب ہوتے ہوئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔