آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ونڈے میں شکست

لندن۔14جون(سیاست ڈاٹ کام)پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ونڈے میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو باآسانی تین وکٹوں سے زیر کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ اوول میں آسٹریلیائی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی تو اس کی ابتدائی پانچ وکٹیں محض 90 رنز پر گر گئیں جس میں شان مارش کے 24 اور مارکوس اسٹوائنس کے 22 رنز نمایاں تھے۔ گلین میکسویل نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 اور ایشٹن اگر نے چار چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 214 رنز تک پہنچایا۔ مرد میدان معین علی اور لیام پلنکٹ نے فی کس تین جبکہ عادل رشید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ نے کپتان ایان مورگن کے گیارہ چوکوں سے سجے 69 اور جو روٹ کے 50 رنز کے سہارے کامیابی یقینی بنائی جبکہ ڈیوڈ ولی ناقابل شکست 35 اور جانی بیئراسٹو 28 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔بلی اسٹین لیک،مائیکل نیسر اور اینڈریو ٹائی نے فی کس دو کھلاڑیوں کا آوٹ کیا۔