آسٹریلیا کا 20 سال بعد دورۂ پاکستان کا امکان

کراچی ۔22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے 20 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے کی راہ ہموار ہونے لگی، کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی سی بی نے مارچ میں دو ونڈے میچز لاہور یا کراچی میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مارچ میں دو ونڈے میچز لاہور یا کراچی میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔ پاکستانی حکام نے انٹرنیشنل ٹور کے لئے اعلی سطح کی سکیورٹی کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کیلئے کوشش قابل ستائش ہے ۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کا آخری دورہ مارک ٹیلرکی قیادت میں 1998 میں کیا تھا۔