سڈنی۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی میڈیم پیسر محمد سمیع نے اگرچہ آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹسٹ کرکٹ میچ میں میزبانوں کی 5 وکٹس حاصل کئے ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ مسطح پچ پر بولنگ کرنا آسان نہیں ہے اور آسٹریلیا کو 572 رنز دیئے جانے پر ان (سمیع) کی ٹیم کے بولرس پر تنقیدیں نہیں کی جانی چاہئے۔ سمیع نے 112 رنز کے عوض 5 وکٹس حاصل کئے۔ آسٹریلیا نے 572 کے ناقابل تسخیر اسکور پر پہونچنے کے بعد 7 وکٹس پر اننگز ڈیکلیر کردیا۔ بعدازاں ہندوستان کے روہت شرما اور کے ایل راہول نے اپنی ٹیم کو ایک وکٹ کے نقصان سے 71 رنز پر پہونچنے میں مدد کی۔ سمیع نے کہا کہ ’’فاسٹ بولرس کیلئے مسطح پچ پر بولنگ کرنا بہت دشوار ہوتا ہے جبکہ بیٹسمین کو شاٹس لگانے میں مدد ملتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ ہم سخت جدوجہد سے گذر رہے ہیں اگر وہ (آسٹریلیا) 450 یا اس سے زائد رنز بناسکتے ہیں تو ہم بھی 400 یا اس سے زائد رنز بنارہے ہیں۔ اس میں کوئی خاص ترقی نہیں ہے۔ اگر سچ کہا جائے تو یہ محض شومئی قسمت کی بات ہے‘‘۔ سمیع نے مزید کہا کہ ’’آسٹریلیائی بولرس اپنی گھریلو پچ پر بولنگ کررہے ہیں، وہ اس کے حالات سے باخبر ہیں۔ ہم بھی اس حقیقت سے باخبر ہیں، اس کے ساتھ یہ بھی ہے کہ انہوں (آسٹریلیا کی بیٹسمین) نے بہتر بیٹنگ کی چنانچہ یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے، کبھی ایسا ہوتا ہے اور کبھی ایس نہیں ہوتا‘‘۔
اسمتھ نے اسٹارک کو
جشن منانے سے روک دیا
سڈنی۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے بولر مچل اسٹارک نے ہندوستانی اوپنر مرلی وجئے کو آؤٹ کرنے کے بعد فرطِ مسرت کے ساتھ جشن منانے کی کوشش کی لیکن کپتان اسٹیو اسمتھ نے انہیں روک دیا اور اپنے بولرس کو خاموش و پُرسکون رہنے کی ترغیب دی۔ اسٹارک جو سڈنی میں ہندوستان کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹسٹ میں مچل جانسن کے بجائے کھیل رہے ہیں۔ ہندوستانی اننگز کے آغاز کے بعد تیسری ہی گیند پر مرلی وجئے کو کیچ آؤٹ کردیا اور جلد کامیابی پر جشن منانے کی کوشش کی تھی لیکن نوجوان کپتان اسمتھ ان کی اس کوشش سے خوش نہیں ہوتے۔ اسمتھ نے بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نہیں سمجھتا کہ کسی بیٹسمین کے آؤٹ ہونے پر کوئی جشن منایا جانا چاہئے۔