ٹسٹ تو بچا لیا سیریز گنوا دی
ملبورن۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے یہاں ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ کے آخری دن اعصاب شکن لمحات پر قابو پاتے ہوئے مقابلے کو تو ڈرا کرنے میں کامیابی حاصل کی لیکن آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو گواسکر ۔ بارڈر ٹرافی پر قبضہ بنانے سے روکنے میں ناکام رہی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو باکسنگ ڈے ٹسٹ کے آخری دن کامیابی کیلئے 70 اوورس میں 384 رنز کا نشانہ دیا گیا تھا، تاہم وہ ناقص شروعات کے بعد 66 اوورس کے کھیل میں 174 رنز بنائی اور اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ ساتویں وکٹ کیلئے کپتان مہیندر سنگھ دھونی اور روی چندرن اشون نے 11 اوورس تک آسٹریلیائی بولروں کو وکٹ لینے سے باز رکھتے ہوئے 32 رنز کی پارٹنرشپ بھی نبھائی اور یہ پارٹنرشپ اس لئے بھی اہمیت کی حامل تھی کیونکہ ہندوستانی ٹیم کی وکٹیں یکے بعد دیگرے پویلین کی راہ اختیار کررہی تھیں۔ آسٹریلیائی ٹیم مزید ایک کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتی تھی،
لیکن دھونی نے 39 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 24 اور اشون نے 34 گیندوں میں 8 رنز اسکور کئے اور میزبان کو کامیابی حاصل کرنے سے دور رکھا۔ قبل ازیں آسٹریلیائی ٹیم نے آج اپنی دوسری اننگز صبح کے ابتدائی سیشنس میں ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا جیسا کہ توقع کی جارہی تھی۔ آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ نے پہلے ٹیم کو اتنے رنز بنانے کا موقع دیا جہاں سے اس کی شکست کا راستہ نہ نکلے اور ہندوستانی ٹیم کو فی اوورس ناقابل تعاقب رنز کا نشانہ دیا جاسکے۔ آسٹریلیا نے اپنے کل کے اسکور 261/7 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 318/9 پر اپنی اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کے لئے نوجوان بیٹسمین شان مارش بدقسمت ثابت ہوئے کیونکہ ایک شاندار اننگز کھیلنے کے باوجود وہ 99 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔ مارش نے 215 گیندوں میں 11 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں بہترین مظاہرہ کیا لیکن گھریلو میدان پر پہلی سنچری کو مکمل کرنے کی کوشش میں ایک جوکھم بھرا رن لینے کی کوشش میں ویراٹ کوہلی کے راست تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کے لئے دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن ہوا جیسا کہ شکھر دھون (0) ، مرلی وجئے (11) اور نمبر 3 پر روانہ کئے گئے نوجوان بیٹسمین کے ایل راہول (1) جس وقت آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 19 رنز تھا۔ ویراٹ کوہلی (54) اور اجنکیا راہنے (48) نے چوتھی وکٹ کیلئے 85 رنز جوڑے۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چیٹیشور پجارا بھی رہے جنہوں نے 21 رنز بنائے۔ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر رائن ہیرس کو مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جیسا کہ انہوں نے پہلی اننگز میں تیز رفتار 74 رنز بنانے اور 4 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ دوسری اننگز میں بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔