آسٹریلیا میں 40سال بعد ایک ساتھ چار کھلاڑیوں کا ٹسٹ ڈبیو متوقع

دبئی،6 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ٹیم میں 40 سال بعد ایک ساتھ 4کرکٹرز کا ٹسٹ ڈیبیو متوقع ہے ۔اتوار کو شروع ہونے والے دبئی ٹسٹ میں آرن فنچ اور ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مائیکل نیسر اور مارنس لابشین کو بھی بیگی گرین کیپ دئیے جانے کا امکان روشن ہے ۔ مجموعی طور پر ایک صدی میں تیسری بار اس نوعیت کا تجربہ کیا جائیگا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 1977ء میں ایک ساتھ 6کرکٹرز کا ٹسٹ ڈبیو ہوا تھا، ان میں سابق فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن بھی شامل تھے ۔ پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ کیلئے آسٹریلین ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا جس میں کئی کھلاڑی ڈبیو کریں گے ۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے ۔ٹیم میں جو کھلاڑی ڈیبیو کریں گے ان میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کے تجربہ کار بلے باز فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مارنس لیوسکاگنی شامل ہیں۔آسٹریلین ٹیم کی کپتانی ٹم پین کر رہے ہیں جبکہ میدان میں شان مارش ان کے نائب کے فرائض انجام دیتے ہوئے دکھائی دیں گے ۔دیگر کھلاڑیوں میں فنچ، عثمان خواجہ، مچل مارچ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیوسکاگنی، مچل اسٹارک، نیتھن لیون، پیٹر سڈل اور جان ہولینڈ شامل ہیں۔ خیال رہے کہ رواں برس 24 مارچ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز کے تیسرے میچ میں ناکامی سے بچنے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت بال ٹیمپرنگ کرنے کا اعتراف کرلیا تھا۔