آسٹریلیا میں اہم سبقت سے ہندوستان 2 وکٹ دور

میلبورن۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے اپنے بولروں کی شاندار کارکردگی کی بدولت تیسرے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن آج آسٹریلیا پر اپنی گرفت مضبوط کرلی اور اب اسے اس میدان پر37 سال بعد جیت حاصل کرنے اور چار میچوں کی سیریز میں 1۔2 کی اہم سبقت حاصل کرنے میں صرف دو وکٹ کی ضرورت ہے ۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز آٹھ وکٹ پر106 رن پر ڈکلیئر کرکے آسٹریلیا کے کو جیت کے لئے399 رنز کا ہدف دیا۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں292 رنوں کی برتری ملی تھی۔ آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک اپنے آٹھ وکٹ 258 رنز پر گنوا دیئے اوراسے کامیابی کے لئے ہنوز141 رنز کی ضرورت ہے جبکہ ہندوستان کو میلبورن میں37 سال بعد تاریخی جیت کے لئے صرف دو وکٹ کی ضرورت ہے ۔ میلبورن میدان میں ہندوستان نے آخری بار کامیابی 1981 میں حاصل کی تھی۔ اس سے پہلے میلبورن میں ہندوستان نے دسمبر1977 میں222 رنوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستان اگر فتح حاصل کرتا ہے تو اس کی اس میدان پر یہ تیسری کامیابی ہوگی۔ ہندوستانی بولروں نے آسٹریلیائی بیٹسمینوں پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا اور وکٹ حاصل کئے ۔ اسپنر رویندر جڈیجہ نے82 رنز پر تین وکٹ، پہلی اننگز میں چھ وکٹ حاصل کرنے والے جسپریت بمراہ نے 53 رنز پر دو وکٹ، محمد شامی نے 71 رنز پر دو وکٹ اور ایشانت شرما نے37 رنز پر ایک وکٹ حاصل کیا۔دن کا مقررہ وقت پورا ہونے کے بعدآسٹریلیا کے آٹھ وکٹ گر گئے تھے اور ہندوستان نے آج ہی میچ ختم کرنے کی امید میں آدھے گھنٹے کا وقت اور لیا لیکن فاسٹ بولر پیٹ کمنس نے جم کر کھیلتے ہوئے 103 گیندوں میں ناٹ آوٹ61 رنز بناکر ہندوستان کی جیت کے انتظار کو اور بڑھا دیا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور آرون فنچ صرف تین رن بنا کر بمراہ کی گیند پر وراٹ کوہلی کو کیچ دے بیٹھے ۔ آسٹریلیا کا پہلا وکٹ چھ کے اسکور پر گرا۔ جڈیجہ نے مارکس ہیرس کو مینک اگروال کے ہاتھوں کیچ کرایا اور آسٹریلیا نے دوسرا وکٹ 33 کے اسکور پر گنوایا۔ہیرس نے 13 رن بنائے ۔عثمان خواجہ 59 گیندوں میں 33 رن بنانے کے بعد سمیع کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ بمراہ نے شان مارش کو ایل بی ڈبلیو کیا اور آسٹریلیا نے اپنا چوتھا وکٹ114 کے اسکور پر گنوا دیا۔ شان مارش نے72 گیندوں پر44 رنز کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ جڈیجہ نے مشیل مارش کو وراٹ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ مشیل نے 10 رن بنائے اور آسٹریلیا کا پانچواں وکٹ 135 پر گرا۔ٹریوس ہیڈ 92 گیندوں میں 34 رن بنانے کے بعد ایشانت شرما کی گیند کو اسٹمپ پر کھیل گئے ۔ آسٹریلیا کے چھٹے وکٹ 157 پر گرا۔