آسٹریلیا سیریز میں نئے کھلاڑیوں کا آزمانے کا اشارہ

ممبئی۔17ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ میں شکست پر جہاں ہیڈ کوچ روی شاستری زبردست تنقید کا نشانہ بنے ہوئے ہیں وہیں کچھ سینئر کرکٹرز کی ٹیم میں جگہ بھی مشکل میں پڑگئی ہے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہت مواقع دیے گئے اگر وہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہتے ہیں تو ہمیں نئے کھلاڑیوں کو آزمانا ہوگا۔ سابق ٹسٹ وکٹ کیپر اور چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کے مطابق انگلینڈ میں ہندوستان کی کارکردگی اتنی بری نہیں رہی جتنی نتائج ظاہر کررہے ہیں، ہم کامیابی کی بہت قریب تھے لیکن بہت دور بھی رہے۔ اگر ہمارے اوپنرز کی بات کی جائے تو درست ہے کہ وہ زیادہ کامیاب نہیں رہے لیکن یاد رکھنا چاہیے خود انگلش ٹاپ آرڈر بیٹسمین بھی سیریز میں جدوجہد کرتے رہے۔ انگلش حالات بیٹنگ کیلئے بہت مشکل تھیں۔ چتیشور پجارا، شکھر دھون اور مرلی وجے بہت تجربہ کار ہیں، وہ مکمل ناکام نہیں ہوئے لیکن انہیں زیادہ مستقل مزاجی دکھانا چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلی کیخلاف ہوم سیریز میں چند سینئرز کو آرام دے کر نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا ارادہ ہے۔