چینائی ۔12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندستان کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ آسٹریلیائی دورہ سے پہلے شکھر دھون کا فارم میں لوٹنا کافی اہم ہے ۔ روہت نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ٹیم کے نظریہ اورکھلاڑیوں کے لئے یہ ضروری تھا کہ آسٹریلیا کے دورہ سے پہلے کہ وہ رنز بنائے ۔ دھوں بالخصوص ونڈے سیریز میں اچھی بیٹنگ کر رہے تھے لیکن وہ بڑے اسکور نہیں بنا پا ئے تھے ۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ میچ جتانے والی اننگز کھیل پائے اور اہم دورے سے پہلے فارم حاصل کر پائے ۔روہت نے کہا کہ آسٹریلیا کا آئندہ دورہ مکمل طور پر مختلف ہو گا اور ہندستان کو 3-0 کی جیت سے اعتماد حاصل کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ آپ جب بھی وہاں جاتے ہیں جو ایک کھلاڑی، شخص اور ٹیم کے طور پر آپ کا امتحان ہوتا ہے ۔ آسٹریلیا میں کھیل مختلف طرح کا ہوگا۔روہت نے کہا کہ موجودہ سیریز میں ہندستان نے تیاری کے نظریہ سے کافی چیزیں اچھی کیں جس میں فیلڈنگ بھی شامل ہے ۔آسٹریلیا کے دورے کے لئے ہندستان کی ٹسٹ ٹیم میں روہت کو بھی جگہ ملی ہے لیکن محدود اوورز کے اس اوپنر نے کہا کہ وہ تو آگے کے بارے میں نہیں سوچ رہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ اس سے پہلے کافی وقت ہے ۔