آسٹریلیا دوسرے ٹوئنٹی 20 میں 7 وکٹوں سے فاتح

ملبورن ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے آل راونڈ مظاہرہ کرتے ہوئے یہاں منعقدہ دوسرے ٹوئنٹی 20 مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین مقابلوں کی سیریز کو 1-1 سے مساوی کرلیا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 101 رنز اسکور کرپائی حالانکہ کپتان جے پی ڈومینی نے 51 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اننگز میں 49 رنز اسکور کئے۔ دوسرا اعظم ترین اسکور ہینڈ رکس نے بنایا جنہوں نے 22 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 18 رنز اسکور کئے۔ جنوبی افریقی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر انفام اوپنر کوئن ٹن ڈیکاک بغیر کوئی رن بنائے ڈوگ بولنجر کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ روسو (12) اور ڈیوڈ ملر (11) کے علاوہ دوسرا کوئی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا۔ میزبان آسٹریلیا کیلئے جیمس فالکنر کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورس میں 25 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ علاوہ ازیں بوئس نے 4 اوورس میں 15 رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے جوابی اننگز کا بہترین آغاز کیا جیسا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین ڈنک اور کپتان آرون فنچ نے 5 اوورس میں پہلی وکٹ کیلئے 43 رنز اسکور کئے۔ فنچ نے 30 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 44 اور ڈنک نے 20 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 23 رنز اسکور کئے۔

ٹیم میں واپسی کرنے والے شین واٹسن پر سب کی نظریں مرکوز تھیں جنہوں نے اپنے معیار کے مطابق ایک بہتر اننگز کھیلی جیسا کہ انہوں نے 23 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور کئے۔ ٹوئنٹی 20 کے دھماکو بیٹسمین تصور کئے جانے والے میکس ویل ناکام رہے جیسا کہ دو گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا نے 12.4 اوورس میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ نشانہ 102 کی شکل میں حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقہ کیلئے وینی پارنیل نے کامیاب بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3.4 اوورس میں 17 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پہلے ونڈے میں جنوبی افریقہ نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دورہ آسٹریلیا کا کامیاب آغاز کیا تھا لیکن دوسرے ونڈے میں میزبان ٹیم نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں نہ صرف واپسی کی ہے بلکہ تیسرے مقابلہ کو دلچسپ بھی کردیا ہے۔