پرتھ ۔14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فاسٹ بولر ایشانت شرما اور اسپنر ہنوما وہای کی تسلی بخش بولنگ سے ہندوستان نے پرتھ کی گھاس والی پچ پر آج شروع ہوئے دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن میزبان آسٹریلیا کی رنز کی رفتار پر روک لگاتے ہوئے دن کے اختتام تک اس کے277 رنز پر چھ وکٹ حاصل کر لئے ۔آسٹریلیا نے میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں90 اوورس میں چھ وکٹ کے نقصان پر277 رنز بنا لئے ۔کپتان کپتان ٹم پین(16) اور پیٹ کمنز(11) ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیائی اننگز میں اوپنر مارکس ہیرس70 رنز، ارون فنچ 50 ،شان مارش45 اورٹریوس ہیڈ58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ فاسٹ بولروںکے لیے مددگار مانی جا رہی پرتھ کی پچ پر تجربہ کار فاسٹ بولر ایشانت نے16 اوور میں35 رنز دے کر دو وکٹ لئے جبکہ ہنوماکو14 اوور میں53 رنز دے کر دو وکٹ ملے اورآسٹریلیا کی رنزکی رفتارکو روکنے کی کوشش کی۔ دیگر ہندوستانی بولروں میں فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے22 اوورس میں 44 رنز پر ایک وکٹ اور امیش یادو نے 18 اوور میں 68 رنز پر ایک وکٹ لیا۔ اڈیلیڈ میں مفید ثابت ہوئے محمد سمیع63 رنز دے کر کوئی وکٹ نہیں لے سکے ۔مارش اور ہیڈ نے مڈل آرڈر میں اچھی بیٹنگکرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لئے84 رنزکی اہم شراکت کی اور آخری اوورز میں ٹیم کو مضبوط موقف میں پہنچایا۔ مارش نے98 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے لگا کر45 رنز اورہیڈ نے 80 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے لگا کر58 رنزبنائے ۔اس شراکت کو ہنوما نے توڑتے ہوئے حریف ٹیم کی رنز کی رفتار کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور ہندستان کو اس کا پانچواں وکٹ دلا دیا۔ ہنوما نے اجنکیا رہانے کے ہاتھوں مارش کو کیچ کروایا جبکہ ہیڈ دن کے آخری بیٹسمین کے طور پر آؤٹ ہوئے جن کی وکٹ ایشانت نے لی ۔ ایشانت نے سمیع کے ہاتھوں ہیڈ کو کیچ کروایا اور83 ویں اوورکی پہلی گیند پر آسٹریلیائی بیٹسمین کو پویلین بھیج دیا۔اس سے پہلے میچ میں صبح مارکس ہیرس اور ارون فنچ کے درمیان پہلی وکٹ کے لئے112 رنز کی سنچری شراکت کی بدولت آسٹریلیا نے بہترین شروعات کرتے ہوئے لنچ تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے66 رنز بنائے ۔ چائے کے وقفہ تک ہندوستانی بولروں نے145 کے اسکور پر حریف ٹیم کے تین وکٹ نکال کر اس کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے 36 ویں اوور میں فنچ کو ایل بی ڈبلیو کر ان کی ہیرس کے ساتھ شراکت پر روک لگاکرہندستان کو اس کا پہلا وکٹ دلایا۔ فنچ نے105 گیندوں میں چھ چوکے لگا کر50 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ اس کے بعد عثمان خواجہ بھی سستے میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے ۔ خواجہ کو امیش یادو نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر ہندستان کو دوسرا وکٹ دلایا۔