آسٹریلیا اے 329/9 ، اپراجیت کو پانچ وکٹیں

چینائی ۔ 30 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)انڈیا اے کے آف اسپنر بابا اپراجیت نے دن کے کھیل کے آخری مراحل میں کارگر بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کی کارکردگی درج کرائی لیکن اوپنر کیمرون بینکرافٹ کے اسٹروک سے بھرپور 150 رنز کی بدولت آسٹریلیا اے نے انڈیااے کے خلاف دوسرے چار روزہ غیرسرکاری ٹسٹ کے آج یہاں دوسرے روز پہلی اننگز میں اہم سبقت حاصل کرلی ۔ انڈیا اے کے پہلی اننگز میں 135 آل آؤٹ کے جواب میں کھیلتے ہوئے آسٹریلیا اے ٹیم نے بینکرافٹ کی چوتھی فرسٹ کلاس سنچری کے بل بوتے پر دن کے اختتام پر 329/9 اسکور کئے جو میزبانوں کے مقابل 194 رنز کی زبردست سبقت ہے ۔ اوپننگ پارٹنرشپ کیلئے کپتان عثمان خواجہ (33) کے ساتھ 111 رنز جوڑتے ہوئے بینکرافٹ نے دورہ کنندگان کو ٹھوس شروعات فراہم کی اور بعد میں کالم فرگوسن (54) کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے بھی مزید 107 رنز جوڑے ۔ تاہم ہندوستانی اسپنروں نے دن کے اواخر میں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیائی مڈل آرڈر بیٹسمنوں کو اپنی اچھی شروعات کو بڑے اسکورز میں تبدیل کرنے سے باز رکھا۔ لیفٹ ارم اسپنر پرگیان اوجھا (3/99) اور آف اسپنر اپراجیت (5/74) نے آپس میں آٹھ وکٹیں بانٹ لئے۔