آسٹریلیا اے کیخلاف انڈیا کو سبقت، اوجھا کو 5 وکٹ

چینائی ، 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پرگیان اوجھا نے پانچ وکٹ کا متاثرکن مظاہرہ پیش کیا جبکہ انڈیا A نے آسٹریلیا اے کو پہلے غیرسرکاری ٹسٹ میں آج یہاں تیسرے روز 268 پر آل آؤٹ کرنے کے بعد اپنی سبقت کو 154 رنز تک پہنچا دیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر میزبانوں کا ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں اپنی دوسری اننگز کا اسکور بڑی حد تک اطمینان بخش 121/3 رہا۔ اس سطح پر اٹھارہ ماہ بعد واپسی کرتے ہوئے 28 سالہ لیفٹ آرم اسپنر اوجھا نے نئے ایکشن کے ساتھ بولنگ کے ذریعے 5/85 کے اعداد و شمار درج کرائے، جبکہ لیگ اسپنر امیت مشرا 55 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ اوجھا کے شکاروں میں آج ڈٹ کر کھیلنے والے مارکس اسٹوئنیز اور گریندر سندھو شامل ہیں، جبکہ مشرا نے پیٹر ہینڈزکومب کی اہم وکٹ لی جب انھوں نے بیٹسمن کو اسٹمپ آؤٹ کرایا، جس کے علاوہ میتھیو ویڈ اور اینڈریو فکیٹے کو بھی پویلین واپس بھیجا۔ انڈیا اے کی دوسری اننگز میں ابھینو مکند 40 اور کپتان چتیشور پجارا 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔