پورٹ الیگرے، 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں رواں فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ بی میں دفاعی چمپئن اسپین کو بری طرح ہرانے والی ہالینڈ کی ٹیم آسٹریلیا سے جیت تو گئی لیکن شائقین ڈچ ٹیم کی وہ کارکردگی دیکھنے سے محروم رہے جس کی انھیں توقع تھی۔ ہالینڈ اور ٹورنمنٹ کے سب سے کم رینکنگ والی ٹیم آسٹریلیا کا میچ پورٹ الیگرے کے بیرا۔ریو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں ہالینڈ کی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے ان کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر اور ملکہ میکسم بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ ہالینڈ نے یہ میچ 2-3 گول سے جیتا جس کے بعد ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا سفر ختم ہوگیا۔ اس میچ کے ابتدائی لمحات میں کھیل قدرے آہستہ رہا اور دونوں ٹیمیں خاص کر ہالینڈ اپنے تیز انداز میں نہیں کھیل پائی۔ ہالینڈ کی ٹیم دفاعی لحاظ سے میچ کے پہلے ہاف میں خاصی کمزور نظر آئی جبکہ آسٹریلیا نے اپنی کارکردگی سے کہیں سے یہ نہیں لگنے دیا کہ وہ عالمی درجہ بندی میں ہالینڈ سے کہیں نیچے ہے۔ میچ کا پہلا گول 19ویں منٹ میں ہالینڈ کے آرجن رابن نے کیا۔
یہ اس ورلڈ کپ میں رابن کا تیسرا گول تھا۔ ہالینڈ کے کھلاڑی ابھی پوری طرح اس گول کی خوشی منا بھی نہ پائے تھے کہ آسٹریلیائی کھلاڑی ٹم کے ہل نے ایک مشکل پاس کو شاندار طریقے سے گول میں تبدیل کر کے میچ برابر کر دیا۔ ان دونوں گولس کے درمیان صرف 69 سیکنڈس کا وقفہ تھا اور پہلے ہاف کے اختتام پر میچ 1-1 گول سے برابر تھا۔ پہلے ہاف کے ختم ہونے سے ایک منٹ قبل آسٹریلیا کیلئے گول کرنے والے ٹم کے ہل کو ہالینڈ کے کھلاڑی برونو انڈی کو بری طرح گرانے پر زرد کارڈ دکھا دیا گیا۔ لگاتار دو میچوں میں کارڈ ملنے کی وجہ سے اب کے ہل آسٹریلیا کیلئے اگلے میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ دریں اثناء ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی ایک اور ٹیم کیمرون ہے۔ کیمرون کو گروپ اے کے ایک میچ میں کروشیا نے 0-4 گول سے شکست دے دی۔ مناس میں منعقدہ میچ میں کیمرون کی ٹیم میں اعتماد، مہارت اور ٹیم روک کی کمی دکھائی دی۔ کروشیا کی جانب سے پہلے میچ میں معطلی کی وجہ سے شرکت نہ کرنے والے ماریو منزوکچ نے دو گول کئے۔ ان کے علاوہ اوئیکا اولچ اور ایوان پیریسچ نے ایک ایک مرتبہ گیند کو گول کی راہ دکھلائی۔ اس شکست کے بعد کیمرون کی ٹیم ورلڈکپ سے باہر ہوگئی ہے اور یہ لگاتار پانچواں موقع ہے کہ ورلڈ کپ میں ایسا ہوا ہیکہ ٹیم ٹورنمنٹ کے پہلے راونڈ سے باہر ہوگئی۔