آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ورلڈ کپ کیلئے پسندیدہ : سہواگ

نئی دہلی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جدید کرکٹ میں ہندوستان کے سب سے نڈر اوپنر تصور کئے جانے والے ویریندر سہواگ نے آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 2015ء میں خطاب کے لئے ان کی پسندیدہ ٹیمیں میزبان آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ہیں۔ سہواگ نے کہا کہ آسٹریلیائی ٹیم ہمیشہ ہی اپنے گھریلو میدانوں میں کافی طاقتور ٹیم ہوتی ہے اور اسے شکست دینا آسان نہیں ہوتا جبکہ موجودہ مظاہروں کی بنیاد پر جنوبی افریقی ٹیم بھی خطاب کے لئے پسندیدہ ہے۔ ویریندر سہواگ نے ورلڈ کپ میں ٹیم پر بننے والے دباؤ کے ضمن میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں اور مجموعی طور پر ٹیم کے برعکس انفرادی طور پر کھلاڑیوں پر دباؤ ہوتا ہے۔ اپنی مثال پیش کرتے ہوئے سہواگ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران میری ذمہ داری یہ تھی کہ میں ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کروں اور مکمل 50 اوورس کھیلنے کی

بجائے میں تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے مڈل آرڈر میں آنے والے بیٹسمنوں پر دباؤ کو کم کروں۔ سہواگ نے ’’ایجنڈہ آج تک 2014ء‘‘ پروگرام میں ورلڈ کپ سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستانی خصوصاً جب پاکستان کے خلاف مقابلہ کھیلتے ہیں تو توہم پرستی کا مظاہرہ کرتے ہیں جیسا کہ 2011ء میں جب ہم ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل اور پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیل رہے تھے تو ہمارے ذہنوں میں یہ بات موجود تھی کہ شاید ہم مقابلہ ہار جائیں گے۔ علاوہ ازیں اس پروگرام میں موجود سہواگ کے ساتھی کھلاڑی گمبھیر نے ورلڈ کپ کے متعلق پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل چاہتا ہے کہ ہندوستان ایک اور مرتبہ ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرے لیکن آسٹریلیائی ٹیم کو خطاب کی سب سے پسندیدہ ٹیم قرار دیا جاسکتا ہے۔ گمبھیر سے جب یہ استفسار کیا گیا کہ کیا مہیندر سنگھ دھونی ہندوستان کو دوسری مرتبہ ورلڈ کپ دلواسکیں گے تو گمبھیر نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی تنہا ٹیم کو عالمی چمپین نہیں بناسکتا اور دھونی بھی تنہا ٹیم کو عالمی چمپین نہیں بنا سکتے۔