آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آج سہ رخی سیریز کا فائنل

پرتھ۔31جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) سہ رخی سیریز کا فائنل کل یہاں واکا کے میدان پر میزبان آسٹریلیا اور ٹورنمنٹ میں متاثرکن مظاہرہ کرنے والی انگلش ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا جو کہ ورلڈ کپ سے قبل دونوں ہی ٹیموں کیلئے آخری بین الاقوامی مقابلہ ہوگا ۔ این مورگن کی زیرقیادت انگلش ٹیم جس نے آسٹریلیا کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں 304 رنز اسکور کرنے کے علاوہ میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کرنے پر مجبور کیا تھا وہ فائنل میں اپنے اس مظاہرہ کو مزید بہتر بناتے ہوئے سہ رخی سیریز کا خطاب حاصل کرنے کے علاوہ ورلڈ کپ میں خطاب کیلئے اپنی دعویداری کو مضبوط کرنے کی خواہاں ہے ۔ سہ رخی سیریز کے گروپ مرحلے کے مقابلوں کے افتتاحی مقابلے میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو بہ آسانی شکست دے کر بونس نشان کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی لیکن وہ مقابلے میں دونوں ٹیموں اور خصوصاً انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لانے پر مجبور کردیا تھا ۔

علاوہ ازیں انگلش ٹیم نے ہندوستان کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں 66/5 کی نازک صورتحال سے باہر نکلتے ہوئے ایک یادگار کامیابی کے ذریعہ فائنل تک رسائی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے انگلش ٹیم کے حوصلے بلند ہیں ۔ واکا کی وکٹ کے برتاؤ سے انگلش کھلاڑی واقف بھی ہیں اور وہ یہاں فائنل میں بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہیں ۔ آسٹریلیائی ٹیم جس نے ایلن بارڈر ایوارڈ تقریب میں شرکت کی ہے اور ایک جشن کے ماحول سے تازہ دم کھلاڑی ورلڈ کپ میں 14فبروری کو اسی میدان پر پھر ایک مرتبہ انگلش ٹیم کا سامنا کرنے سے قبل سہ رخی سیریز پر اپنی کامیابی کی مہر ثبت کرنے کی خواہاں ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم میں چند اہم کھلاڑیوں کی واپسی ہورہی ہے جس میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل جانسن اور کپتان جارج بیلی اہم ہیں ۔ جانسن جنہوں نے گدشتہ 14ماہ کے دوران ایک مصروف ترین سیزن مکمل کیا ہے جس کے بعد انہیں ہندوستان کے خلاف سڈنی ٹسٹ اور سہ رخی سیریز کے تمام مقابلوں میں آرام دیا گیا ہے‘ وہ فائنل میں واپسی کررہے ہیں ۔ علاوہ ازیں کپتان جارج بیلی نے اپنی پریس کانفرنس میں فائنل میں کامیابی کا عزم ظاہر کرنے کے علاوہ کہا کہ ہندوستانی ٹیم نے جس طرح کا مظاہرہ کیا ہے اس کی بنیاد پر فائنل میں عالمی چمپئن کی عدم موجودگی حیران کن نہیں ہے ۔

آل راؤنڈر شین واٹسن کو فائنل میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم انتظامیہ کوئی جوکھم اٹھانا نہیں چاہتا ہے جیسا کہ واٹسن عضلات میں جکڑن کی معمولی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے ‘ تاہم وہ صحت یاب ہوکر ٹیم کو دستیاب ہیں ۔ واٹسن کی عدم موجودگی میں میچل مارش کی قطعی 11کھلاڑیوں میں شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہیں ۔ گذشتہ مقابلے میں اسپنر زیویردوہرتی جنہوں نے ٹیم کی نمائندگی کی تھی وہ جانسن کیلئے جگہ خالی کریں گے ۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف جوس بٹلر نے جنہوں نے 43 گیندوں میں 71 اور ہندوستان کے خلاف سخت حالات میں 67 رنز اسکور کئے ہیں وہ لوور آرڈر میں اس مرتبہ بھی انگلش ٹیم کیلئے اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے ۔ٹاپ آرڈر میں این بیل اور معین علی ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ کپتان این مورگن ‘ جیوروٹ اور روی بوہرہ سے بھی ٹیم کو بہتر مظاہرے کی امید ہے ۔