آسٹریلیا اور انگلینڈ کا جلد دورہ ممکن نہیں:شہریار

لاہور۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ سری لنکائی کرکٹ بورڈ کا پاکستان نے کافی ساتھ دیا اور سری لنکن ٹیم کے پاکستان آنے میں ان کے بورڈ چیئرمین سوماتھی پالا کا کردار اہم ہے سری لنکاکے بعد ویسٹ انڈیز ،آئرلینڈ اور افغانستان جیسی ٹیمیں بھی آسکتی ہیں تاہم آسٹریلیا ، انگلینڈ ، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کی پاکستان آمد میں وقت لگے گا۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔سری لنکائی ٹیم کو پاکستان آنے کے لئے قائل کرنے پر وقت لگا ہے۔ ان کے چند اہم کھلاڑی پاکستان نہیں آئے لیکن پھر بھی ٹیم کی پاکستان آمد سے پاکستان میں سیکورٹی کے بارے میں مثبت پیغام جائے گا۔ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد سے دنیا کے کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو پاکستان اپنی ٹیم بھیجنا چاہتے ہیں ٹیموں کی پاکستان آمد کے لئے حکومتوں کی بھی اجازت بہت ضروری ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل ، ورلڈ الیون اور سری لنکائی ٹیم کی آمد سے پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں مثبت پیغام جارہا ہے اور بیرونی ٹیموں کو فی الحال لاہور میں سیکورٹی پر اعتماد ہے تاہم بعد میں کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی بین الاقوامی میچز ہوں گے۔