آسٹریلیا ، اضافی وارم اَپ میچس کیلئے تیار

ملبورن۔ 15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آسٹریلیا نے ہندوستان کے کوچ روی شاستری کی اس درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا کہ جاریہ سال کے اواخر میں آسٹریلیا میں ہونے والی ٹسٹ سیریز سے قبل اضافی وارم اَپ میچس منعقد کئے جائیں۔ ہندوستان نے حال میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔ وہاں ٹسٹ سیریز سے قبل صرف ایک وارم اَپ مقابلہ کھیلا گیا تھا۔ پانچ ٹسٹ میچس کی سیریز میں ہندوستان کو 4-1 سے شکست ہوئی تھی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے ساتھ مزید امکانات پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ ہمیں ابھی وارم اَپ میچس کی تعداد میں اضافہ کیلئے کوئی تجویز باقاعدہ موصول نہیں ہوئی ہے۔ ہندوستانی ٹیم ڈسمبر میں آسٹریلیا کے دورہ پر روانہ ہوگی جہاں پہلا ٹسٹ 6 ڈسمبر کو اڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔ دورۂ انگلینڈ کے موقع پر صرف ایک 4 روزہ وارم اَپ میچ ہوا تھا۔ وہ بھی پچ کی خستہ حالت کی وجہ سے 3 دن کا ہوگیا تھا۔ روی شاستری نے دو دن قبل کہا تھا کہ وہ وارم اَپ میچس کی تعداد میں اضافہ کے مخالف نہیں ہیں۔