آسٹریلیا ،ہندستان کیخلاف ڈے نائٹ ٹسٹ کا خواہاں

سڈنی۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کرکٹ بورڈ (سی اے ) اس سال ہندستان کے خلاف ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کا خواہش مند ہے حالانکہ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس پر اپنی رضامندی ظاہر نہیں کی ہے ۔بین الاقوامی کرکٹ پروگرام جاری ہونے کے بعد سی اے نے پھر سے بی سی سی آئی کو ڈے نائٹ میچ کھیلنے کے لئے تجویز پیش کی ہے ۔آسٹریلیائی بورڈ ہندستان کے ساتھ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ایڈیلیڈ میں 6 تا10 دسمبر کو ڈے نائیٹ کا میچ کھیلنا چاہتا ہے ۔ آسٹریلیا نے حالیہ برسوں میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سے گلابی گیند کے ساتھ ڈے نائٹ میچ کھیلے ہیں۔ آسٹریلیا کو امید ہے کہ مستقبل میں دن رات ٹسٹ کرکٹ میچ اس کھیل کا مستقبل ہے کیونکہ ٹسٹ کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ حالانکہ بی سی سی آئی نے ابھی تک سی اے کو دن رات فارمیٹ میں میچ کھیلنے پر رضامندی نہیں دی ہے ۔آسٹریلیا برسبین میں آئندہ سال24 تا 28 جنوری کو سری لنکا کے خلاف گلابی گیند سے میچ کھیلا جائے گا۔ سی اے کے چیف ایکزیکٹیو افسر جیمس سدرلینڈ نے کہا کہ ان کا بورڈ ہندستان کے ساتھ بھی اسی فارمیٹ میں میچ کھیلنے کے لئے سمجھوتہ کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ ہم ایڈیلیڈ میں ہندستان کے ساتھ دن رات فارمیٹ ٹسٹ میچ کھیلیں لیکن ہم ابھی بھی ان قیاس آرائیوں پر کام کررہے ہیں اور آنے والے ہفتہ میں اس پر کوئی فیصلہ ہوپائے گا۔ یاد رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے 19۔2018 کے لیے ہوم سیزن کا اعلان کر دیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق رواں سال ہندوستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی میزبانی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 16 میچز کھیلے جائیں گے۔ افریقہ کی ٹیم 4، 9 اور 11 نومبر کو تین میچز کی ونڈے سیریز اور17 نومبر کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ہندوستانی ٹیم 21 نومبر2018 تا 18 جنوری2019 تک 3 ٹی ٹوئنٹی میچز، 3 ونڈے اور 4 ٹسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی جن میں سے ایک ٹسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ متوقع ہے جبکہ سری لنکائی ٹیم 2 ٹسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ ویمنس کرکٹ ٹیم 29 ستمبر سے 3 مارچ تک آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے گی۔