دبئی ،سڈنی ۔29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی کرکٹرز کے ایک مرتبہ پھر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے ویڈیو جاری کیے جانے کے بعد عالمی کرکٹ میں ہلچل مچ گئی ہے اور قطرکی ٹی وی نے کرکٹ فکسنگ کے حوالے سے دوسری دستاویزی فلم کا ابتدائی حصہ جاری کردیا ہے۔اس سلسلے کی پہلی دستاویزی فلم میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ2016 میں چینائی میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا ٹسٹ اوررانچی میں2017 میں آسٹریلیا اور ہندوستان کا ٹسٹ بھی فکسڈ تھا۔اسٹنگ آپریشن کی اس ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہندوستان کے خلاف 3ٹسٹ میچز کے مختلف سیشنز فکسڈ کیے گئے تھے۔ اہم پہلو یہ تھا کہ ڈاکیومینٹری میں الزام عائد کیا گیا کہ تین انگلش اوردو آسٹریلیائی کرکٹر فکسنگ میں ملوث تھے جبکہ اس فلم میں سری لنکا میں کھیلے گئے میچوں میں پچ فکسنگ کا بھی انکشاف کیا گیا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بار پھر اپنے کھلاڑیوں کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔ سی اے کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ مذکورہ عرب ٹی وی چینل کی جانب سے فراہم کردہ محدود شواہد کی اچھی طرح چھان بین کی گئی لیکن کرکٹرز کی فکسنگ اسکینڈل سے کسی تعلق کی نشاندہی نہیں ہوپائی ہے۔ ہم نے مذکورہ تمام مواد آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے حوالے کردیا تاکہ وہ اس کی پوری طرح تفتیش کرلے۔ہم نے الجزیرہ سے مطالبہ کیا کہ مبینہ اسٹنگ آپریشن کی تمام اصل ریکارڈنگ اور ثبوت فراہم کیے جائیں تاکہ اس کی تحقیق ہوسکے۔