آسٹریلیائی کپتان ایک میچ کیلئے معطل

سڈنی۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جارج بیلی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام پر دی جانے والی سزا کو قبول کیا ہے۔ہندوستان کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میچ کے دوران مقررہ مدت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان جارج بیلی کو ایک میچ کیلئے معطل کر دیا گیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق انھیں اپنی میچ فیس کا 20 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔ملبورن میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں ہندوستانی اننگز کے دوران مقررہ وقت میں آسٹریلیائی ٹیم 49 اوورز ہی کروا سکی تھی۔ اس پر آئی سی سی کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے آسٹریلیائی کپتان اور ٹیم پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ جارج بیلی کی قیادت میں آسٹریلیائی ٹیم چونکہ گذشتہ بارہ ماہ کے دوران ایک مرتبہ پہلے بھی سست رفتاری سے گیند بازی کی مرتکب ہو چکی تھی اس لیے کپتان بیلی کو جرمانے کیساتھ ساتھ ایک میچ کی معطلی کی سزا بھی دی گئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق جارج بیلی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام پر دی جانے والی سزا کو قبول کیا ہے اس لئے اب سے معاملے کی باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔آسٹریلیا نے سہ فریقی سیریز کے اس میچ میں ہندوستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی اور وہ اب تک سیریز میں اپنے دونوں میچ جیت چکا ہے۔آسٹریلیائی ٹیم اس سیریز میں اپنا اگلا میچ ہوبارٹ میں 23 جنوری کو کھیلے گی۔