آسٹریلیائی کپتان اسمتھ کی غلطی پھر مذاق بن گئی

میلبورن۔24 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) اسٹیون اسمتھ اپنی منگیتر ڈینی ولز کے ہمراہ آسٹریلین اوپن کا ٹینس میچ دیکھنے گئے تاہم اس موقع کی سیلفی شائع کرتے ہوئے انھوں نے منگیتر کے بجائے کسی اور ڈینی ولز کو ٹیگ کردیا۔مقامی کرکٹ کپتان اسٹیون اسمتھ نے سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کے ہمراہ بھی سیلفی شائع کی، انھوں نے تصویر کے ہمراہ لکھا کہ میں اور ڈینی ولز دونوں ہی ٹینس کو پسند کرتے ہیں، منگیتر کے بجائے انھوں نے کسی اور ڈینی ولز کو ٹیگ کیا جس پر شائقین نے کہا کہ آسٹریلیائی کپتان ایک بار پھر غائب دماغی کا شکار ہوئے جیسا کہ گزشتہ برس دورئہ ہندوستان کے دوران ریویو لینے سے قبل انھوں نے ڈریسنگ روم کی جانب دیکھا اور پھر کہا تھا کہ وہ دماغی طور پر حاضر نہیں تھے۔

تمیم اقبال نے جے سوریا کا
عالمی ریکارڈ توڑ دیا
ڈھاکہ۔24جنوری(سیاست ڈاٹ کام)بنگلہ دیشی ٹیم کے مایہ ناز اوپننر تمیم اقبال نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کسی ایک گراؤنڈ پر زیادہ رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے میچ میں تمیم اقبال نے 76 رنز کی اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا اور ونڈے میں کسی ایک گراؤنڈ پر زیادہ رنز بنانے کا سری لنکائی سابق کپتان سنتھ جے سوریا کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔جے سوریا نے 1992 سے 2009 کے دوران کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم، کولمبو میں 2514 رنز بنا ئے ہیں جبکہ تمیم اقبال نے 2007 سے 2018 کے دوران ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں 74 میچز میں اب تک 2549 رنز بنائے جس میں ان کی 5 شاندار سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔