آسٹریلیائی ٹیم کی ورلڈ کپ کٹ کی رونمائی

سڈنی ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنمنٹ ورلڈ کپ 2019 کے لئے آسٹریلیا کی جانب سے پہننے جانے والا یونیفارم منظر عام پرآگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیائی ٹیم کی جانب سے ماضی میں جیتے گئے ورلڈ کپ سے متاثر اس لباس سے آسٹریلیا کے مداحوں میں ماضی جیسے جذبات دوبارہ ابھارنے کی کوشش کی گئی ہے۔ لباس میں روایتی پیلے رنگ میں ہرے رنگ کو شامل کیا گیا ہے جس کا کالرکھلا رکھا گیا ہے۔ اے ایس آئی سی ایس کی جانب سے کٹ کے ماڈل کے طور پر گلین میکس ویل کو پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کی مسلسل 2 سیریز میں کامیابی سے ٹیم کے مداحوں میں ایک نئی امید پیدا ہوگئی ہے کہ لارڈزکے میدان سے ٹرافی ایک مرتبہ پھر ان کے گھر آئے گی۔ آسٹریلیا نے حال ہی میں ہندوستان کو 2-3 سے سیریز میں شکست دی تھی جبکہ پاکستان سے کھیلی گئی سیریز میں انہوں نے 0-5 سے وائٹ واش کیا تھا۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا کے ورلڈ کپ میں کھیلنے والے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ اعلان کیا گیا اسکواڈ برسبین میں پری ورلڈکپ کیمپ میں اکھٹے ہوکر نیوزی لینڈ کے خلاف 3 پریکٹس میچز کھیلے گا۔ بعد ازاں آسٹریلیا کی ٹیم یکم جون کو افغانستان کے خلاف میچ کھیلے گی۔
روہت کے زخمی ہونے سے انتظامیہ فکرمند
لندن ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے بی سی سی آئی 15 اپریل کو ہندوستانی ٹیم کا اعلان کرنے والی ہے لیکن اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کے لئے ایک پریشانی والی خبر سامنے آئی ہے۔ ٹیم کے اوپنر اورنائب کپتان روہت شرما آئی پی ایل میچ کے لئے پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے ہیں۔ وہ میدان پر اپنا پیر پکڑ کر سہارا لے کر چلتے ہوئے نظر آئے۔ وانکھیڑے میدان پر پریکٹس سیشن کے دوران روہت شرما دوڑتے ہوئے اچانک اپنا پیر پکڑکرکھڑے دکھائی دئیے۔ کچھ قدم چلنے کے بعد وہ زمین پر لیٹ گئے۔ ممبئی کے فزیو نتن پٹیل روہت کی مدد کرنے کے لئے فورا میدان پر پہنچے۔