آسٹریلیائی ٹیم کو ہندوستانی صدر کی مبارکباد

نئی دہلی 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آسٹریلیائی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی جیسا کہ مائیکل کلارک کی زیر قیادت ٹیم نے ملبورن میں منعقدہ ورلڈ کپ 2015 کے فائنل میں مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے کپتان مائیکل کلارک کو ان کے کیرئیر کے وداعی مقابلے میں شاندار نتیجہ دیا ہے ۔ کلارک نے خود اس فائنل میں 74 رنز کی ایک اہم اننگز کھیلی ہے ۔ صدر پرنب مکرجی نے سماجی رابطہ کے ویب سائیٹ ٹوئٹر پر آسٹریلیائی ٹیم کیلئے مبارکباد شائع کی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نریندر مودی نے بھی آسٹریلیائی ٹیم کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے ۔ سماجی رابطہ کے ویب سائیٹس پر دنیا بھر کے کھلاڑیوں ‘سابق کھلاڑیوں ‘ماہرین ‘تجزیہ نگاروں کے علاوہ سیاسی قائدین کی مبارکباد یاں بھی پوسٹ کی جارہی ہیں۔ دریں اثناء پاکستانی آل راونڈر شاہد آفریدی‘انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان ‘ہندوستانی سابق بیٹسمین سنجے منجریکر کے علاوہ کئی اہم شخصیتوں نے آسٹریلیائی ٹیم کو مبارکبا د دی ہے ۔