کارڈف 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے آج کہا کہ اگر ان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف جاریہ ونڈے میچس کی سیریز میں واپسی کرنا چاہتی ہے تو اسے مکمل کارکردگی دکھانی ہوگی ۔ آسٹریلیائی ٹیم کو کارڈیف میں کل ہوئے دوسرے ونڈے میچ میں 38 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس شکست کے بعد آسٹریلیائی ٹیم پانچ میچس کی سیریز میں 2 – 1 سے پیچھے ہوگئی ہے ۔ جاریہ سال انگلینڈ کے خلاف سات ونڈے میچس میں یہ آسٹریلیاء کی چھٹی شکست بھی تھی ۔ اس ٹیم کو جنوری میں خود آسٹریلیاء میں 4 – 1 کی شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا ۔ بحیثیت مجموعی گذشتہ پندرہ میچس میں آسٹریلیاء کی یہ 13 ویں شکست بھی تھی ۔ جب آسٹریلیائی ٹیم اس سیریز کیلئے یہاں پہونچی تھی تو اس کے کھی اہم کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں رہے تھے ۔ واضح رہے کہ 2019 کا ورلڈ کپ انگلینڈ ہی میں ہونے والا ہے ۔ آسٹریلیاء کی صفوں میں اس کے اہم بلے باز اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے علاوہ ٹیم کے فاسٹ بولرس مچل اسٹارک ‘ پیٹ کمنس اور ہیزل ووڈ بھی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ ٹیم پین کا کہنا تھا کہ ٹیم میں جو کوئی کھلاڑی موجود ہیں وہ اچھے ہیں اور اگر اس ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں واقعی واپسی کرنی ہے تو پھر اسے مکمل صلاحیتوں کے ساتھ کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے بلے باز ہوں یا پھر بولرس ہوں سبھی کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے ۔