آسٹریلیائی ٹیم میں 2 نائب کپتان

میلبورن ۔28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کے لیے مچل مارش اورجوش ہیزل ووڈ کو نائب کپتان مقرر کرنے کا منفرد فیصلہ کیا ہے۔ جو کپتان ٹم پین کی سیریزمیں معاونت کریں گے۔ آسٹریلیا نے اسٹیواسمتھ اورڈیوڈ وارنرکی غیرموجودگی میں قیادت کاخلا پرکرنے کے لیے دونائب کپتان مقرر کر دیے ہیں۔ پاکستان کے خلاف دوٹسٹ کی سیریز کے لیے مچل مارش اورجوش ہیزل ووڈ کپتان ٹم پین کی معاونت کریں گے۔ آل رانڈر اورفاسٹ بولر کو ذمہ داری سونپنے سے قبل ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے بھی رائے لی گئی۔ کوچ جسٹن لانگرکی مشاورت بھی شامل ہے۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے اس تقرری کو اعزاز قرار دیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس سے زیادہ کی توقع نہیں رکھتے۔ جوش ہیزل ووڈ کے بموجب نائب کپتان سے زیادہ کی خواہش نہیں، سیریز میں یہ ذمہ داری ملنے کے بعد وہ خود کو کبھی ٹیم کا کپتان بنتے نہیں دیکھ رہے۔ میں ایک دو سیشن میں قیادت کرنے کا سوچ سکتا ہوں لیکن مچل مارش اس کام کیلئے بہتر ہیں، وہ ڈومیسٹک میں پر ویسٹرن آسٹریلیا کی ٹیم کی قیادت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ دریں اثنا پاکستان اے کے خلاف 4 روزہ پریکٹس میچ کے لئے آسٹریلیا کی11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ ٹسٹ کے منتظر 3 کھلاڑی ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مچل نیسیر بھی اسکواڈ کاحصہ ہیں ، فنچ اور میتھیو رینشو اوپننگ کرینگے۔ 29 ستمبر کو شروع ہونے والے میچ میں ٹم پین قیادت کریں گے، اعلان کردہ 15 رکنی ٹسٹ ٹیم سے اس میچ میں 4 کھلاڑی ایشٹن ایگر، مارنس، پیٹر سڈل اور برینڈن ڈوگٹ باہر ہونگے۔