آسٹریلیائی مسلمانوں کو تین گنا زیادہ امتیازی سلوک کا سامنا

ملبورن ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں ایک جائزے کے نتائج کے مطابق مسلمانوں کو امتیازی سلوک اور مذہبی عدم رواداری کا غیر مسلموں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سروے کے دوران جن مسلمانوں سے بات کی گئی ان میں سے تقریباً 60 فیصد کا کہنا تھا کہ انھیں ’اسلاموفوبیا‘ کی کسی نہ کسی قسم کا سامنا رہا ہے۔ تاہم سروے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امتیازی سلوک کے باوجود زیادہ تر مسلمانوں کا خیال ہے کہ ان کا مذہب آسٹریلوی معاشرے سے مطابقت رکھتا ہے۔ ویسٹرن سڈنی اور چارلس سٹرٹ یونیورسٹیوں اور سڈنی کی اسلامک سائنسز اینڈ ریسرچ اکیڈمی کی جانب سے کروائے گئے سروے میں چھ سو افراد سے بات کی گئی۔ میڈیا کے مطابق سروے کی رپورٹ کے مصنفین کا خیال ہے کہ دنیا میں پیش آنے والے واقعات بھی آسٹریلیا میں عدم رواداری کے بڑھتے ہوئے جذبات کی ایک وجہ ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں نسلی اور مذہبی عدم رواداری کا مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ سروے کے دوران جن افراد سے بات چیت کی گئی ان میں سے 85 فیصد کا خیال تھا کہ آسٹریلیا میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے تعلقات دوستانہ ہیں۔