ملبورن 16 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل جانسن زخمی ہوگئے ہیں اور وہ آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے باہر ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ان کے انگوٹھے میں زخم آگیا ہے جس کے بعد ٹیم میں ان کی بجائے ڈگی بولنجر کو شامل کیا گیا ہے ۔ جانسن کو ان کے سیدھے پیر کے انگوٹھے میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے بعد زخم آگیا تھا ۔ اس میں اب انفیکشن ہوگیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جسٹن پاؤلونی نے کہا کہ ہم نے جانسن کے زخم کو مندمل کرنے کی حتی المقدور کوشش کی لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس میں انفیکشن ہوگیا ہے اور علاج کامیاب نہیں ہوسکا ہے ۔ وہ بروقت صحتیاب نہیں ہو پا رہے ہیں ان کے زخم میں سوجن بھی آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابھی نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کتنی جلدی صحتیاب ہونگے اور ٹیم کیلئے دستیاب ہونگے ۔ ان کا پرتھ میں علاج جاری رہے گا ۔
ہندوستانی تیر انداز ایشین گرانڈ پری کے بعد وطن واپس
نئی دہلی 16 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی تیر اندازوں کی ٹیم ایشین گرانڈ پری چمپئن شپ منعقدہ بنکاک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد آج وطن واپس ہوگئی ۔ ہندوستانی تیر اندازوں نے اس ٹورنمنٹ میں جملہ سات میڈلس جیتے ہیں جن میں تین گولڈ اور تین سلور میڈلس بھی شامل ہیں۔ یہ ٹورنمنٹ 10 تا 15 مارچ منعقد ہوا تھا ۔ تیر انداز اسوسی ایشن آف انڈیا کے صدر وجئے کمار ملہوترہ نے ایک سادہ سی تہنیتی تقریب میں نشانہ بازوں کو تہنیت پیش کی اور کہا کہ ان کا مظاہرہ قابل فخر رہا ہے ۔