آسٹریلیائی خواتین کا فائنل میں داخلہ، انگلینڈ کو پھر شکست

نئی دہلی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) خواتین کے ٹی 20 وررلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آج آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سنسنی حیز مقابلے کے بعد شکست دیدی ۔یہ ورلڈ ٹی 20  میں آسٹریلیا کے مقابل ناک آؤٹ مرحلے میں انگلینڈ کی متواتر تیسری شکست ہے۔آسٹریلیا کی فتح میں انگلینڈ کی خراب فیلڈنگ کا اہم رول رہا لیکن اس فتح کا سہرا میگ لاننگ کے 55 رنز اور ایلیسا ہیلی کی 25 رنز کی دھواں دھار بیٹنگ کے سر جاتا ہے جنھوں نے آسٹریلیا کو مقررہ 20 اووروں میں 132/6 تک پہنچایا ۔ جیت کیلئے 133 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی کپتان شارلیٹ ایڈورڈز کے 31 رنز اور ٹیمی بیمونٹ کی 32 رنز کی اننگز نے انگلینڈ کو پہلے دس اووروں میں 67 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تھا۔لیکن ان کے بعد آنے والی انگلینڈ کی کھلاڑیاں اس آغاز کا فائدہ نہ اُٹھا سکیں اور انگلینڈ کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی گئیں۔ جب 20ویں اوور کی آخری گیند پھینکی گئی تو انگلینڈ کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں اور ان کا اسکور 127 تھا۔ یوں انگلینڈ یہ سیمی فائنل 5 رنز سے ہار گیا۔آسٹریلیا کی خواتین کی ٹیم کی نظر ورلڈ ٹی 20 میں اپنی لگاتار چوتھی فتح پر ہے اور ان کا مقابلہ نیوزی لینڈ یا ویسٹ انڈیز کے ساتھ اتوار کو کولکتہ میں ہوگا۔انگلینڈ کی خواتین آخری مرتبہ ورلڈ ٹی 20 کی فائنل میں 2010 ء میں پہنچی تھیں۔میچ کے اختتام پر انگلینڈ کی کپتان شارلٹ نے کہا : ’’میرا خیال ہے کہ ہم اور آسٹریلیا کی ٹیم ایک دوسرے کے بارے میں ہر بات جانتے ہیں اور سچ یہی ہے کہ آج انھوں نے اپنے حواس پر قابو رکھا اور ہم ایسا نہیں کرپائے ۔ اور شاید آج کی کارکردگی میں دونوں ٹیموں میں یہی فرق رہا‘‘۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری بولنگ بہت زبردست نہیں تھی، لیکن بیٹنگ کرتے ہوئے ہم دوبارہ فتح کے راستے پر آ گئے تھے، لیکن ہم ایک مرتبہ پھر اس راستے سے بھٹک گئے۔ میچ کے آخر میں ایک مرتبہ پھر ہماری بیٹنگ میں فتح کے آثار نظر آئے، لیکن شاید فتح آج ہماری قسمت میں نہیں تھی۔ اس موقعے پر آسٹریلیائی کپتان لاننگ کو میچ ایوارڈ دیا گیا ۔