آسٹریلیائی اوپنر فلپ ہیوز زندگی کی بازی ہارگئے

سڈنی۔27 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر فلپ ہیوز آج زندگی کی بازی ہار گئے جیسا کہ گھریلو فرسٹ کلاس مقابلے میں دوروزقبل باؤنسر سے زخمی ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر یہاں وینسٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ دواخانہ منتقل کرنے پر ہنگامی حالات میں ان کی سرجری کی گئی تھی لیکن آج وہ 25برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ منگل کو گھریلو کے ایک مقابلہ کے دوران ہیوز کو باؤنسر سے زخمی ہونے کے بعد دواخانہ منتقل کیا گیا تھا لیکن آج دوپہر آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر پیٹر بروکنر نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے کہ ہیوز کا انتقال ہوچکا ہے ۔ دواخانہ کے باہر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر پیٹر نے کہا کہ انتہائی غم کے ساتھ میں اپنی یہ ذمہ داری پوری کررہا ہوں کہ فلپ ہیوز کچھ لمحہ قبل ہی گذر گئے ہیں ۔ باؤنسر سے زخمی ہونے کے بعد ہیوز کی حالت میں کسی بھی لمحہ بہتری نہیں آئی تھی اور بالآخر آج انہوں نے اپنی آخری سانس لی ۔

ہیوز کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی دنیائے کرکٹ غم میں ڈوب چکی ہے اور ہرکونے سے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ ڈاکٹر پیٹر نے جب ہیوز کے انتقال کی خبر دی تو کئی کھلاڑیوں کو یہ خبر ایک غیرمتوقع صدمہ تھا ۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے نہ صرف نوجوان کھلاڑی سے اظہار تعزیت کیا بلکہ مطالبہ بھی کیا کہ ہیوز کے افراد خاندان ‘ کھلاڑیوں اور عملہ کی خانگی زندگی میں مداخلت نہ کی جائے ۔ یہاں سڈنی کے سینٹ ونسنٹ ہاسپٹل میں جس دن ہیوز کو داخل کیا گیا اُس وقت سے یہاں کھلاڑیوں ‘ کوچس اور دیگر دوستوں کی کثیر تعداد دیکھی جارہی تھی

اور آج بالآخر یہ امید ختم ہوگئی کہ ہیوز صحت یاب ہوکر کرکٹ میدانوں میںواپسی کریں گے۔ براڈ ہاڈن ‘ اسٹیون اسمتھ ‘ شین واٹسن ‘ ڈیوڈ وارنر ‘ نیتھن لیوان‘ موائسیس ہینڈرکس ‘ میچل اسٹارک اور ڈینیل اسمتھ سبھی نے دواخانہ میں وقت گذارا۔ رکی پونٹنگ ‘ سیمن کاٹیج ‘ فل جیک اور بریٹ لی بھی دواخانہ میں دیکھے گئے جب کہ ارون فنچ ‘ میتھوویڈ ‘ پیٹرسیڈل ‘ پیٹر فارسٹ ‘ جارج بیلی اور کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او جیمس سودرلینڈ ٹیم مینجر پیٹ ہاورڈ اور آسٹریلیائی ٹیم کے کوچ ڈیرن لہمن بھی دواخانہ میں ہیوز کیلئے آنے والوں میںشامل تھے ۔ کھلاڑیوں کے علاوہ دواخانہ میںہیوز کی والدہ اور بہن بھی موجود تھے

اور وہ اُس مقابلہ کا بھی مشاہدہ کررہے تھے جس میں ہیوز ایکشن میں نظر آئے تھے ۔ یہ مقابلہ شیفلڈ شیلڈ کا مقابلہ تھا جو کہ ساؤتھ آسٹریلیا اور نیوساؤتھ ویلس کے درمیان کھیلا جارہا تھا ۔ جس وقت باؤنسر کی وجہ سے ہیوز زخمی ہوئے اُس وقت وہ 63رنز بناکر کھیل رہے تھے اور اُمید کی جارہی تھی کہ ہندوستان کے خلاف 4ڈسمبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میںہیوز زخمی کپتان مائیکل کلارک کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے جائیں گے۔ ہیوز کے والدین گریک اور ورجینیا کے علاوہ بھائی جیسن اور بہن میگن کی جانب سے جاری کردہ بیان کو آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک نے ہاسپٹل میں پریس کانفرنس کے درمیان پڑھ کر سنایا جس میںانہوں نے اپنے بیٹے اور بھائی کی جدائی پر شدید غم کا اظہار کیا ۔ نیز انہوں نے دواخانہ اور ڈاکٹروں سے بھی اظہار تشکر کیا ۔