آسٹریلیائی اسمتھ کی دورانِ کھیل کمنٹیٹرز سے گفتگو پر تنقید

سڈنی ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ ہندوستان کے خلاف گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں کھیل کے دوران ٹی وی چینل کے کمنٹیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے آؤٹ ہونے پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ اسمتھ اڈیلیڈ میں منعقدہ میچ میں آرن فنچ کے ساتھ بیٹنگ کررہے تھے۔ جب وہ مائیکروفون کے ذریعے کمنٹیٹر کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دے رے تھے کہ اگلی ہی گیند پر وہ ویراٹ کوہلی کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔ کوہلی نے کیچ کے بعد اسمتھ کو مخصوص انداز میں ہاتھ کے اشارے کئے تھے۔اسمتھ نے میچ میں 21 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کو 37 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ آسٹریلیائی ٹیم کے مداحوں نے ٹی وی چینل کو مالی فوائد کیلئے اسمتھ کا دھیان کھیل سے ہٹانے کا الزام لگاتے ہوئے چینل کو سوشل نٹ ورکنگ سائٹس میں شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ کچھ مداحوں نے کوہلی کے انداز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایسا لگا کہ اسمتھ کمنٹیٹرز سے گفتگو پر خوش نہیں تھے اور کوہلی نے شاید اُن کی کیفیت کو تاڑ لیا تھا۔