آستانہ حضرت غریب نواز، روحانی فیض کا مرکز

محبوب نگر میں جلسہ، اسسٹنٹ و جوائنٹ کلکٹر راجہ رامیا کا خطاب
محبوب نگر /26 اپریل (اسٹیٹ سماچار) اسسٹنٹ جوائنٹ کلکٹر شری راجہ رامیا نے کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانوں پر عوام الناس کو قلبی سکون ملتا ہے، چنانچہ ہندالولی خواجہ خواجگاں حضرت خواجہ معین الدین غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میں بلا لحاظ مذہب و ملت روحانی فیوض و برکات حاصل کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کل رات ایچ این گارڈن فنکشن ہال محلہ مکہ مسجد محبوب نگر میں منعقدہ سالانہ جشن غریب نواز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا اہتمام سنی علماء مشائخ بورڈ نے کیا تھا۔ کنوینر جشن قاضی محمد سعد اللہ جنیدی نے حاضرین کا استقبال کیا۔ راجہ رامیا نے مزید کہا کہ حضرت خواجہ صاحب کا آستانہ بلالحاظ مذہب و ملت روحانی فیض کا مرکز ہے۔ ضلع کلکٹر محبوب نگر کی جانب سے ریاستی وزیر اعلی کے اجلاس میں مصروفیت کی بناء مجھے روانہ کیا ہے۔ مولانا محمد اسماعیل چشتی قادری امیر دعوت اہل سنت و جماعت امام جامع مسجد نے کہا کہ آج ساری دنیا حضرت خواجہ غریب نواز کو امن کا پیامبر مان رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسلام اور مسلمانوں کا ازلی دشمن ملک امریکہ کے صدر کی جانب سے بھی غلاف مبارک کی روانگی خوش آئند اقدام ہے۔ مولانا نے شرکائے جشن کو مشورہ دیا کہ وہ حضرت غریب نوازہ رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت، خدمات، تعلیمات اور کرامات کا مطالعہ کریں اور آپ کی تعلیمات کو عامۃ الناس تک پہنچائیں۔ انھوں نے کہا کہ آپ کی زندگی کا سب سے بڑا کارنامہ 99 لاکھ افراد کو اسلام میں داخل کرنا ہے۔ اس موقع پر جناب باسط قوال اور ہمنواؤں نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔ اس موقع پر جناب سید عبد الرزاق شاہ قادری سجادہ نشین و سرپرست بورڈ، صدر قاضی ضلع محبوب نگر جناب قاضی سید شاہ غوث محی الدین قادری صدر بورڈ، مولانا محمد محسن پاشاہ قادری جنرل سکریٹری بورڈ، جناب سید شاہ امین الدین قادری صدر میلاد کمیٹی، جناب محمد سلطان چشتی قادری (جڑچرلہ)، جناب محمد مختار الدین اسلم قادری، جناب جمیل اللہ شاہ قادری رفاعی، جناب محمد عبد الرحمن چشتی قادری، مولانا سید مشتاق احمد نقشبندی، رضوان اللہ شاہ رفاعی، شریمتی رادھا امر چیرمین میونسپلٹی محبوب نگر، مولانا خواجہ فیض الدین نقشبندی بانی مدرسہ عربیہ للبنات، محمد انور پاشاہ، محمد عبد الہادی ایڈوکیٹ، سید سعاد اللہ حسینی کونسلر، کے راملو وائس چیرمین میونسپلٹی، این پی وینکٹیش، محمد عبد الصمد خاں نائب صدر ضلع تلگودیشم، محمد اقبال پہلوان، محمد تقی حسین تقی، محمد غوث پاشاہ، محمد خلیل، محمد سرور، احمد خان، واجد صدیقی، قادر بیگ، محمد نظیر الدین لبرٹی، یوسف علی سپریم انجینئر کے علاوہ علماء، مشائخ، دانشوران ملت اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر طعام برائے خاص و عام کا اہتمام کیا گیا تھا۔