آسان کیچ چھوڑ کر کامیاب نہیں ہوسکتے :سرفراز کی تنقید

دبئی ۔24 ستمبر(سیاست ڈاٹ کا م) ایشیا کپ میں ہندوستان نے پاکستان کو شرمناک شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ دو روایتی حریف ٹیموں کے درمیان میچ میں ہندوستان نے 9 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورس میں 237 رن بنائے ، جس کوہندوستانی ٹیم نے روہت شرما اور شکھردھون کی دھماکہ دار سنچری کی بدولت ایک وکٹ گنواکر صرف 40 اوورس میں ہی حاصل کرلیا۔میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے فیلڈنگ کو لے کر کافی محنت کی ، مگر معلوم نہیں کیا غلط ہورہا ہے۔ کیچز چھوڑے جارہے ہیں اور ہم کیچ چھوڑ کرکے میچ نہیں جیت سکتے ہیں۔ سرفراز نے مزید کہا کہ روہت شرما اور شکھر دھون جیسے بیٹسمینوں کو موقع دے کر میچ میں واپسی کافی مشکل ہے۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ہندوستانی ٹیم سے شکست کی وجہ اشاروں ہی اشاروں میں ظاہر کرتے ہوئے کھلاڑی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔قابل ذکر ہے کہ میچ کے دوران پاکستان نے ہندوستانی کپتان روہت کا دو آسان کیچ چھوڑے۔ پہلی مرتبہ شاہین آفریدی کی گیند پر امام الحق نے روہت کا آسان کیچ اس وقت چھوڑدیا جب وہ صرف 14 رن بناکر کھیل رہے تھے۔ اس کے بعد 28 ویں اوورس میں شاداب کی گیند پر ایک مرتبہ روہت شرما کا کیچ چھوڑدیا گیا۔