آسام کے وزیر نذر الاسلام کیخلاف بی جے پی کی شکایت

گوہاٹی ، 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آسام کے وزیر فوڈ اینڈ سیول سپلائیز نذر الاسلام کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی ہے۔ نذر الاسلام کے خلاف بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے 21 مارچ کو ہوجائی مقام پر منعقدہ جلسہ عام میں مبینہ طور پر فرقہ وارانہ ریمارک کیا تھا۔ آسام ایڈیشنل چیف الکٹورل آفیسر آر سی جین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نذر الاسلام سے کہا ہے کہ وہ اس نوٹس کا 15 اپریل کی صبح 11:30 بجے تک جواب دیں، ورنہ ان کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔

بی جے پی سے ربط پیدا کرنے پر پارٹی ترجمان شیلا دتیا دیب نے کہا کہ نذر الاسلام نے کہا تھا کہ اگر نریندر مودی وزیراعظم بن جائیں تو یہ مسلمانوں کیلئے بہت بُرا ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مودی کئی مسلمانوں کی ہلاکت کے بعد گجرات کے چیف منسٹر بنے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس فرقہ وارانہ ریمارک پر بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ نذر الاسلام کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دفعہ 153A اور 153B کے تحت ایک شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔ مذہب کی بنیاد پر دو طبقات کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بی جے پی ترجمان نے مزید کہا کہ ہم نے فوگنگ حلقہ کی کانگریس امیدوار جونجنلی بروا کے خلاف بھی شکایت درج کرائی جن کے جلسہ عام میں نذر الاسلام نے تقریر کی، کیونکہ اس امیدوارہ نے نذر الاسلام کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔