آسام میں اگلی حکومت بی جے پی تنہا بنائے گی، سونوال کا دعویٰ

سلچار ( آسام ) ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مملکت برائے کھیل کود اور بہبودی نوجوانان سرب نند سونوال نے آج کہا کہ بی جے پی آسام میں اپنے بل بوتے پر اگلی حکومت تشکیل دے گی۔ انھوں نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی ‘ کو بتایا کہ بی جے پی آسام میں تنہا اگلی حکومت بنائے گی۔ اس ریاست کے عوام جانتے ہیں کہ حقیقت حال کیا ہے اور کون اس ریاست میں ترقی کو یقینی بنا سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی خود اپنے وزراء کو نہیں سنبھال سکتے، وہ اس ریاست کی ترقی کو کس طرح یقینی بناسکتے ہیں۔ آسام میں اسمبلی چناؤ آئندہ سال منعقد شدنی ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مرکز کو شمال مشرق کو فروغ دینے سے کافی دلچسپی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی نے اس بات کو یقینی بنانے میں شخصی دلچسپی لیتے ہوئے تمام وزراء کو ہدایت دی ہے کہ اس خطہ کا دورہ کریں اور انھیں رپورٹس پیش کئے جائیں۔ مرکز نے شمال مشرق کی ترقی کیلئے گزشتہ بجٹ میں 53,000 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ سونوال نے مزید الزام عائد کیا کہ آسام حکومت ضلع دیما ہساو میں جنگل کی صفائی کیلئے اجازت میں تاخیر کے ذریعے مہاسڑک پراجکٹ کی تکمیل کو روکنے کی خاطر مسائل کھڑے کررہی ہے۔ مودی حکومت نے سلچار۔ لمڈینگ ریل پراجکٹ کو مکمل کرنے کیلئے پہل کی ہے جبکہ مسافر ٹرینیں جولائی سے چلنے کا امکان ہے اور ضروری معائنہ اس سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ سونوال کل کریم گنج میں تھے تاکہ پارٹی کی خصوصی ’چنتن‘ میٹنگ میں شرکت کرسکیں۔