آزاد فلسطین کیلئے مہم میں شدت پیدا کرنے کا اعلان

رملہ 23 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فلسطین کے سینئر مصالحت کار صائب ایراکت نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کی دھمکیوں کے باوجود فلسطینیوں کی جانب سے آزاد مملکت فلسطین کی منظوری کیلئے بین الاقوامی مہم شروع کی جائیگی ۔ مقبوضہ مغربی کنارہ کے شہر رملہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صائب ایراکت نے علیحدہ مملکت کیلئے فلسطینیوں کے عزائم پر بنجامن نتن یاہو کی مخالفت کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نتن یاہو سمجھتے ہیں کہ حالات جوں کے توں رہیں گے اور ہم انہیں ایسا کرنے دینگے تو انہیں بھول جائیے ۔ ایسا ماہ نومبر کے بعد نہیں ہوگا ۔ ہم مزید برداشت نہیں کرینگے ۔ حالات جوں کے توں نہیں رہیں گے ۔ اسرائیل کے ساتھ ماہ اپریل میں امریکہ کی کوششوں سے ہونے والی امن بات چیت کی ناکامی کے بعد فلسطین نے اقوام متحدہ کا رخ کیا ہے اور وہ بین الاقوامی تنظیموں پر بھی زور دے رہا ہے کہ اسے آزاد مملکت تسلیم کرلیا جائے ۔ 2012 میں فلسطینیوں کو اقوام متحدہ مبصر کا رول مل گیا تھا ۔