آزادی ہند میں ملک کی قیادت کرنے والی واحد جماعت کانگریس

نارائن پیٹ میں 133ویں یوم تاسیس سے ایس کرشنا و دیگر کا خطاب
نارائن پیٹ۔/28ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں ٹاون کانگریس کمیٹی کی جانب سے پارٹی آفس میں 133 ویں یوم تاسیس کانگریس پارٹی کے موقع پر حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ پارٹی انچارج مسٹر صراف کرشنا نے پارٹی پرچم لہرایا اور بابائے قوم آنجہانی مہاتما گاندھی کے پورٹریٹ پر پھول مالا چڑھاتے ہوئے بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی ہند کی جدوجہد میں تمام ہندوسانیوں کی قیادت کرنے والی واحد جماعت کانگریس پارٹی ہی ہے جس نے ابتداء سے ملک کے سیکولر کردار اور سیکولر ڈھانچہ کو برقرار رکھنے کیلئے جدوجہد کی ہے لیکن فرقہ پرست عناصر ملک کے دستور کو ہی بدلنے کے درپے ہیں۔ ملک کی آزادی کے لئے یہاں کے ہر طبقہ کے لوگوں نے اپنا خون بہایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ بھی کانگریس کی دین ہے اور محترمہ سونیا گاندھی کی بدولت ہی علحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نے سنہرے تلنگانہ کا جو خواب دیکھا ہے وہ کانگریس کے ریاست اور مرکز میں برسراقتدار آنے کے بعد ہی شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔ اس موقع پر سینئر کانگریس قائدین ڈاکٹر ملک ارجن، گندے روی کمار، بی رمیش، کنجی نارائن، بی راملو، محمود قریشی، گڈم سائنا، ڈاکٹر یوسف تاج، منظور احمد تاجی، منصور احمد و دیگر قائدین موجود تھے۔