آر ڈی او نارائن پیٹ کی جانب سے راشن شاپس کی تنقیح

نارائن پیٹ۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ڈی او نارائن پیٹ محترمہ سوریا لتا نے نارائن پیٹ کے راشن شاپ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے راشن کارڈ کی تنقیح کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے راشن شاپ ڈیلروں کو بتایا کہ راشن کارڈ گیرندوں کے پاس آدھار کارڈ کا رہنا لازمی ہے بصورت دیگر ان کے راشن کارڈ پر راشن سربراہ نہ کیا جائے اور راشن کارڈ میں اندراج تمام افراد کے پاس بھی آدھار کارڈ کا ہونا ضروری ہے۔ جن کے پاس آدھار کارڈ ہے انہیں ہی راشن سربراہ کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود راشن کارڈ گیرندوں سے راشن کی سربراہی کے متعلق دریافت کیا کہ آیا انہیں راشن کے حصول میں دشواریاں تو پیش نہیں آرہی ہیں؟ انہوں نے راشن شاپ ڈیلروں کو ہدایت کی کہ وہ تنقیح کا کام فی الفور مکمل کرلیں اور اس کی رپورٹ جلد از جلد محکمہ ریونیو کو پہنچائیں۔ راشن شاپ نمبر 6اور 13کا انہوں نے آج دورہ کیا۔ راشن شاپ مالکین کو اس موقع پر راشن کارڈ گیرندوں کو اناج کی سربراہی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہونے دینے کی ہدایت کی۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچاتے ہوئے کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیں۔ ان کے ہمراہ تحصیلدار نارائن پیٹ مسٹر راملو کے علاوہ گرداور و دیگر ریونیو عہدیدار موجود تھے۔