آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے مسافرین کو دشواریاں

امتحانی طلبہ شدید متاثر، سیاسی جماعتیں سیاسی کھیل میں مصروف
نارائن پیٹ۔/10مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے سبب مسافرین اور خاص کر طلباء برادری کو شدید دشواریوں کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ موسم امتحانات کا موسم ہے ۔ اوپن ایس ایس سی، اوپن انٹر میڈیٹ، اوپن ڈگری اور کئی مسابقتی امتحانات میں شرکت کیلئے طلباء کو دیگر مقامات کیلئے پہنچنا پڑتا ہے۔ مگر آر ٹی سی کی ہڑتال کے سبب خانگی بسیں برائے نام اور نظام الاوقات سے پرے چل رہی ہیں۔ بیمار افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال پر اب بی جے پی، کانگریس، تلگودیشم نے سیاسی روٹیاں سینکنا شروع کردیا ہے۔ عوام کی دشواریوں کو دور کرنے یا ہڑتال کے سبب پیدا شدہ عوامی مصائب کو دور کرنے کیلئے کسی بھی سیاسی جماعت نے حکومت کو کوئی مشورہ نہیں دیا اور اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ آر ٹی سی ملازمین کے جائز مطالبات اپنی جگہ ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں 43 فیصد اضافہ واجبی اور جائز ہے۔ حکومت کو اس جانب غور کرنا چاہیئے۔ تحریک تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین نے جس ذوق و شوق اور جذبہ سے حصہ لیا تھا اس کا انعام انہیں ریاست تلنگانہ میں حاصل ہونا چاہیئے۔ مگر سیاسی جماعتوں کو ہڑتال پر سیاست کرنے کے بجائے عوام کو سفر کی پریشانیوں سے بچانے کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو ان کی منزل تک پہنچانے کیلئے ہر سیاسی پارٹی کی جانب سے خصوصی گاڑیوں کا انتظام کیا جانا چاہیئے۔