آر ٹی سی ملازمین کو عبوری راحت کی اجرائی عمل میں لانے کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ایمپلائز یونین اور تلنگانہ ایمپلائز یونین آر ٹی سی نے اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کو واجب الادا عبوری راحت کو 10 مارچ سے قبل فراہم کرنے کا نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی مسٹر پورنا چندر راؤ سے مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر اچانک غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔ اے پی ایس آر ٹی سی ایمپلائز یونین و تلنگانہ ایمپلائز یونین آر ٹی سی قائدین نے مینجنگ ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی سے ملاقات کر کے اس سلسلہ میں ایک تفصیلی یادداشت پیش کی اور کہا کہ سرکاری ملازمین کو اب تک ہی عبوری راحت حکومت کی جانب سے فراہم کردی گئی ہے کیوں کہ سرکاری و عوامی ادارہ جات کے ملازمین کے لیے قائم کردہ پے رویژن کمیشن نے اپنی رپورٹ کو ابھی تک قطعیت نہیں دی ہے ۔ لہذا اس ہونے والی تاخیر کے پیش نظر بالخصوص اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کافی مالی مسائل سے دوچار ہیں ۔ جس کے پیش نظر ہی ریاستی حکومت نے عبوری راحت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلہ کی روشنی میں فوری طور پر اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین وغیرہ کو بھی عبوری راحت فراہم کی جانی چاہئے ۔ ان قائدین نے کہا کہ اگر 10 مارچ تک ملازمین اے پی ایس آر ٹی سی کو عبوری راحت فراہم نہ کی جائے تو 12 مارچ سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کردینے کا سخت انتباہ دیا ۔