آر ٹی سی مسافرین کیلئے ممکنہ سہولیات کی فراہمی

شاد نگر میں وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر مہیندر ریڈی کا اعلان
شاد نگر۔/4جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جدید تشکیل شدہ تلنگانہ ریاست کے 10اضلاع اور منڈل ہیڈکوارٹر میں واقع آر ٹی سی ڈپوز میں درکار تمام تر سہولتوں کے علاوہ ضرورت کے مطابق آر ٹی سی ڈپوز میں نئی بسوں کو مہیا کرنے کا تیقن دیا۔ آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافرین کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے بہت جلد متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے ایک منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ ریاست کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی مہیندر ریڈی نے شاد نگر آئی بی گیسٹ ہاؤز میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ نئی تشکیل شدہ تلنگانہ ریاست کی حکومت میں وزیر بننے کے بعد پہلی مرتبہ وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی مہندر ریڈی کے دورہ شاد نگر کے موقع پر رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو کی قیادت میں سینکڑوں تلنگانہ پارٹی کارکنوں نے شاندار خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹرپی مہیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع کے دیہی علاقوں تک بسوں کی آمدورفت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے عوام کو بس کی سہولت مہیا کروانے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر بس ڈپوز کو نئی بسیں بھی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔

بسوں کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافرین کی ضروریات اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ ریاست کے چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ریاست کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کی ہرممکنہ کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ ریاست کو ملک بھر کی نامور شاندار ترقی یافتہ ریاست بنانے کا تیقن دیا۔ حالیہ انتخابات میں تلنگانہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو ٹی آر ایس حکومت پورا کرے گی۔ عوامی درپیش مسائل کی یکسوئی ٹی آر ایس حکومت کا نصب العین ہے۔آر ٹی سی بس سرویس کو بہتر بنانے کیلئے تجربہ کار ڈرائیورس کا انتخاب کیا جائے گا۔ سڑک حادثات کی روک تھام اور مسافرین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ٹی سی بس ڈپوز کو تمام درکار سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔ حالیہ کچھ ماہ قبل ضلع محبوب نگر کے پالم کے پاس پیش آئے خانگی بس سڑک حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر کارکرد بسوں کو ہی چلانے خانگی بس آپریٹرس پر زور دیا اور وقفہ وقفہ سے بسوں کی تنقیح کی جائے گی۔

قانونی دائرہ کار کو عبور کرتے ہوئے بسیں چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو بحشا نہیں جائے گا۔ رکن اسمبلی شاد نگر ٹی آر ایس پارٹی وائی انجیا یادو نے تلنگانہ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی مہندر ریڈی سے آئی بی گیسٹ ہاوز میں ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شاد نگر آر ٹی سی ڈپو و بس اسٹانڈ 5بسوں کی موجودگی کے موقع پر تعمیر کیا گیا تھا۔فی الحال شاد نگر آر ٹی سی ڈپو میں 100سے زائد بسیں موجود ہیں۔ شاد نگر آر ٹی سی ڈپو اور مسافرین کیلئے بس اسٹانڈ کافی چھوٹا محسوس ہورہا ہے۔ شاد نگر ڈپو کیلئے 20نئی بسیں منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ شاد نگر ایک تجارتی مرکزی مقام ہے۔ خرید و فروخت کے سلسلہ میں تاجرین رات دیر گئے حیدرآباد سے واپس ہوتے ہیں، رات کے اوقات حیدرآباد سے بنگلور، رائچور اور دیگر مقامات کیلئے روانہ ہونے والی بسیں بائی پاس روڈ سے چلائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے شاد نگر اور دیگر مقامات کے مسافرین کو رات کے اوقات میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ رکن اسمبلی نے ایک میمورنڈم پیش کیا اور بسوں کے توقف کے انتظام پر زور دیا۔