آر ٹی سی بس کی ٹکر کمسن طالبہ ہلاک ‘ والدین زخمی

حیدرآباد۔ 22 جنوری (سیاست نیوز) ایک ایسے وقت جب ملک بھر میں جاری نیشنل روڈ سیفٹی ویک جاری ہے ، لیکن آر ٹی سی بس ڈرائیورس کی لاپرواہی بھی بدستور جاری ہے شہر میں پیش آئے ایک حادثہ میں 10 سالہ لڑکی آر ٹی سی بس کی زد میں آگئی۔ تفصیلات کے بموجب ثنا فاطمہ ولد محمد احمد چوتھی جماعت کی طالبہ تھی ، والدین و دیگر ارکان خاندان کے ہمراہ صنعتی نمائش کے مشاہدہ کے بعد موٹر سائیکل پر جارہی تھی تاج محل چوراہے پر ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس نے انہیں ٹکر دے دی۔ وارثی گوڑہ سکندرآباد کی ساکن ثنا فاطمہ کو حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی ڈپو کی بس نے ٹکر دی  جس کے نتیجہ میں شدید زخمی ہوگئی اور مقامی دواخانہ منتقل کئے جانے کے دوران جانبر نہ ہوسکی۔ حادثہ میں لڑکی کے والدین بھی زخمی ہوگئے۔ عابڈس پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور ایم ماروتی کو لاپرواہی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور مقام واقعہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے ویڈیو فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے ۔ سب انسپکٹر عابڈس سیدلو نے بتایا کہ ڈرائیور کی لاپرواہی سے حادثہ ہوا ہے۔ ثناء فاطمہ کی نعش کا آج دواخانہ عثمانیہ میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔