بھونگیر۔/27اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ٹی سی بس اور کار کے خوفناک تصادم میں کار ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی اور 15زخمی بس مسافرین کو ایریا ہاسپٹل بھونگیر کو منتقل کیا گیا۔واقعات کے بموجب ضلع نلگنڈہ کے بھونگیر رورل میں واقع اروا انجینئرنگ کالج کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ کنٹراکٹ پر لی گئی سکندرآباد آر ٹی سی پکٹ ڈپو کی بس سکندرآباد سے مسافرین کو لے کر یادگیر گٹہ کیلئے روانہ ہوئی اور گرین کیاب کی سوفٹ ڈیزائر کار کرایہ پر حیدرآباد سے آتما کور تک مسافرین کو لاکر چھوڑ دی اور وہ حیدرآباد واپس ہورہی تھی کہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری کے سبب آر ٹی سی بس بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والی کیاب کار سے متصادم ہوگئی۔ اس خوفناک تصادم میں کار ڈرائیور ٹی شیوا گری ساکن بھولکپور مشیرآباد حیدرآباد کی مقام حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی اور ان کی نعش اسٹیرنگ میں دھنس گئی۔ کرین کی مدد سے نعش کو نکالا گیا۔ کار کا انجن کئی گز دور جاگرا۔ بس میں سوار 15مسافرین بھی زخمی ہوگئے جنہیں دواخانہ منتقل کیا گیااور دیگر مسافرین کو دوسری بس کے ذریعہ یادگیر گٹہ روانہ کیا گیا۔ حادثہ کے بعد بس ڈرائیور فرار ہوگیا۔ بھونگیررورل پولیس کیس درج کرکے تحقیقات کررہی ہے۔