حیدرآباد ۔ 23 ؍نومبر ( سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد میں پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ راجندرنگر پولیس کے بموجب عمران ساکن انصاری روڈ آج رات نیشنل پولیس اکیڈیمی کے قریب سے گذر رہا تھا کہ تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اسے ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ آر ٹی بس ڈرائیور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسے پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ دوسرے حادثہ میں ترکاری فروش خاتون 18 سالہ یادماں آج کیتی ریڈی پلی سے اپنے مکان واپس ہو رہی تھی کہ وہ چلتے ہوئے آٹو سے اچانک گر پڑی ۔ اس حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا تھا اور آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ بالانگر پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ایک اور واقعہ میں وقارآباد پولیس کے بموجب 36 سالہ بی چندریا جو 21 نومبر کو روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے سبب شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا تھا اور آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔