حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز)شہر اور نواحی علاقوں میںدیگر گاڑیوں کی طرح آر ٹی سی بسوں کی رفتار بھی بے لگام اور بے قابو ہوگئی ہے اور اب آرٹی سی بسوں کی رفتار شہریوں کی ہلاکت کا سبب بن رہی ہے۔ حیدرآباد اور سائبر آباد حدود میں پیش آئے ایسے ہی دو علحدہ سڑک حادثات میں دو افراد آر ٹی سی بسوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے ۔ گوپال پورم پولیس کے مطابق 24 سالہ شیخ مظفر جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا۔ لالہ گوڑہ علاقہ کے ساکن شیخ منور کا بیٹا تھاجو کل سڑک عبور کرنے کے دوران آر ٹی سی بس کی زد میںآکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ بس اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ چندا نگر پولیس کے مطابق 45 سالہ سریش چوہان جو پیشہ سے ڈرائیور تھا چندا نگر میںرہتا تھا جس کا آبائی مقام بہار سے بتایا گیا ہے۔ کل وہ ڈیوٹی سے واپس ہورہا تھا کہ آر ٹی سی بس کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔